موجودہ سیزن میں ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں کمی نہیں ہونی چاہیے، ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 21 جولائی 2018 22:36

فیصل آباد۔21جولائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 جولائی2018ء) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے کہا ہے کہ موجودہ سیزن میں ڈینگی کے خلاف کارروائیوں میں نرمی نہیں ہونی چاہیے اور اس اہم فریضے کو صرف رسمی نہ لیا جائے بلکہ متعلقہ محکمے احساس ذمہ داری سے ڈینگی لاروا کاانسداد یقینی بنائیں۔وہ ڈسٹرکٹ ایمرجنسی رسپانس کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے جس میں ڈینگی کے حوالے سے محکمانہ کارروائیوں کی پیشرفت اورموجودہ موسم میں درکار تقاضوں کاجائزہ لیا گیا۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو محبوب احمد،اسسٹنٹ کمشنر انعم ساجد کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران نے بھی اجلاس میں شرکت کی۔ڈسٹرکٹ کوارڈینیٹر برائے انسداد ڈینگی ڈاکٹر بلال احمد نے انسداد ڈینگی سٹاف کی کارکردگی،ڈینگی ان ڈور وآئوٹ ڈور سرویلنس کے نتائج کے بارے میں بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اینٹامالوجسٹس سمیت انسداد ڈینگی پرمامور دیگر سٹاف کو ہدایت کی کہ سرویلنس کے دوران ڈینگی لاروا ملنے پر فوری کیمیکل ٹریٹمنٹ کی جائے۔

انہوں نے انسدادڈینگی سے متعلق آگاہی مہم کو تیزکرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ قبرستانوں،پارکوں،نرسریوں،ٹائر شاپس اوردیگر مشتبہ جگہوں پر خصوصی توجہ دی جائے۔انہوں نے شہریوں میں ڈینگی سے بچاو اور احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا احساس اجاگررکھنے کے لئے ہرممکن تشہیری ذرائع بروئے کار لانے کی ہدایت کی۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ تحصیل سطح پر بھی انسداد ڈینگی میٹنگز کرکے نچلی سطح پر متعلقہ محکموں کو متحرک رکھا جائے۔انہوں نے واضح کیا کہ انسداد ڈینگی کے حوالے سے اقدامات کے سلسلے میں محض خانہ پُری قابل قبول نہیں۔اس ضمن میں متعلقہ محکموں کی کارکردگی کی مانیٹرنگ کی جائے گی اور عدم توجہی کی نشاندہی پر قصورواروں کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں