جشن آزادی کا تقاضا ہے کہ ہر شہری ایک پودا لگانے کی روایت قائم کرے، کمشنر

منگل 14 اگست 2018 22:28

فیصل آباد۔14 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا کہ جشن آزادی منانے کا تقاضا ہے کہ آئندہ نسل کو سرسبزو شاداب اور خوشگوار ماحول فراہم کرنے کیلئے ہر شہری ایک پودا لگانے کی روایت قائم کرے تاکہ گرین پاکستان کی منزل حاصل ہو۔انہوں نے یہ بات یوم آزادی کے موقع پر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اتھارٹی کے زیراہتمام عوامی شجرکاری مہم کے سلسلے میں کلیم شہید پارک نڑوالا روڈ میں سکولوں کے بچوں اور سول سوسائٹی کے ہمراہ پودا لگاکر شہریوں کیلئے شجرکاری کی آگاہی مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

قائمقام ڈپٹی کمشنر محبوب احمد، ایم پی اے میاں خیال کاسترو،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کوارڈینیشن رائے واجد علی،ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے محمد آصف چوہدری،ڈائریکٹر پی ایچ اے رانا غلام دستگیر،چوہدری یٰسین،میاں عمران ،وحید خالد رامے،صداقت حسین لودھی،غلام مصطفیٰ اور دیگر افسران کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ اس بار جشن آزادی کو دیگر تقریبات کے ساتھ شجرکاری سے منسلک کیا گیا ہے کیونکہ درختوں کی تعداد میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور موسمی سختیوں پر قابو پایا جاسکتا ہے جس کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ ڈویژن کے چاروں اضلاع میں شجرکاری مہم پر ایک تحریک کی صورت میں عملدرآمد کیا جارہا ہے اور مہم کونتیجہ خیز بنانے کیلئے ٹھوس لائحہ عمل اختیار کیا گیا ہے۔کمشنر نے شہریوں سے ملاقات کرتے ہوئے انہیں گھروں میں دستیاب جگہوں پر زیادہ سے زیادہ پودے لگانے کی ترغیب دی اور کہا کہ فیصل آباد کو گرین سٹی بنانے میں انہیں اپنا جاندار کردار ادا کرنا چاہیئے۔

قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ضلع میں شجرکاری کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں اس سلسلے میں سرکاری دفاتر میں شجرکاری کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی میں درختوں کی اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے آگاہی پروگرامز کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ڈی جی پی ایچ اے نے کہا کہ ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری کی خصوصی ہدایات پر شجرکاری مہم بھرپور انداز میں جاری ہے اور یوم آزادی کے اہم موقع پر شہریوں کی آگاہی کیلئے پودے لگائے جارہے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ گرین بیلٹس اور شاہرات پر دستیاب جگہوں پر بھی شجرکاری کی جارہی ہے جبکہ لگائے گئے پودے کی بقاء و دیکھ بھال کیلئے بھی متعلقہ سٹاف کو متحرک رکھا گیا ہے۔انہوں نے بتایا کہ شجرکاری کیلئے مقامی صنعتکاروں اور کاروباری افراد کا خاطر خواہ تعاون حاصل ہے جوکہ ان کی درختوں سے محبت کا گہرا ثبوت ہے جبکہ سکولوں کے بچے بھی پودے ہمراہ لاکر پارکس میں شجرکاری کررہے ہیں۔

شجرکاری سے متعلق آگاہی مہم کے سلسلے میں تقریب کے دوران مختلف سکولوں کے بچوں نے ملی نغموں پر بڑی خوبصورتی سے پروفارم کیا اور ٹیبلو،پریڈ و دیگر پروگرامز پیش کئے گئے۔ڈویژنل کمشنر نے دیگر مہمانوں،شہریوں اور سکولوں کے بچوں کے ہمراہ پاکستان زندہ آباد فلک شگاف نعرے لگائے اور تمام حاضرین نے مل کر پاکستان کی سالگرہ کا کیک کاٹا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں