ٹرانسپورٹ انتظامیہ عیدالاضحی کے موقع پرزائدکرایوں کی وصولی سے اجتناب کریں

ہفتہ 18 اگست 2018 23:40

فیصل آباد ۔18 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 اگست2018ء) ضلعی انتظامیہ کی طرف مسافر ٹرانسپورٹ انتظامیہ کو تاکید کی گئی ہے کہ وہ عیدالاضحی کے موقع پرزائدکرایوں کی وصولی سے اجتناب کریں بصورت دیگر انکی گاڑیاں ڈرائیورز سمیت بندکر دی جائیں گی اور بھاری جرمانے بھی ہونگے ۔ قائمقام ڈپٹی کمشنرمحبوب احمدنے عیدالاضحی پرمسافر گاڑیوںمیں اوورچارجنگ کی شکایات کے تدارک کے لئے ٹرانسپورٹرز سے میٹنگ کی ۔

اس موقع پرسیکرٹری آر ٹی اے مصور خاں نیازی‘ اسسٹنٹ کمشنر سٹی ڈاکٹر انعم و دیگر افسران کے علاوہ ٹرانسپورٹرز بھی موجود تھے ۔ قائمقام ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ عام طور پر رجحان پایا جاتا ہے کہ عید پر آبائی گھروںکو جانے والے مسافروں سے زائد کرایہ وصول کرکے ان کا استحصال کیا جاتا ہے جو کہ ناقابل برداشت ہے اس سلسلے میںحکومت پنجاب کی ہدایت پر سختی سے عملدرآمد کرانے کے لئے چیکنگ ٹیمیں متحرک رہیں گی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ٹرانسپورٹ اڈوں پر شکایات ڈیسک بنائے جائیں اور اوورچارجنگ کی کسی شکایت کا موقع پر ہی ازالہ کیاجاسکے ۔ انہوں نے عید کے رش کے باعث اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لئے بھی اقدامات کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ مسافروں کو آسان سفری سہولیات فراہم کی جائیں ۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے سیکرٹری آرٹی اے سے کہاکہ وہ ٹرانسپورٹ اڈوں پرکرایہ کی وصولی کے عمل اور اوور لوڈنگ کو چیک کریں اور مسافر کی شکایت پر فوری ردعمل کامظاہرہ کرتے ہوئے اس کا بلا تاخیر ازالہ کیاجائے ۔

اجلاس کے دوران سیکرٹری آرٹی اے نے بتایاکہ عیدالاضحی کے موقع پر اوورچارجنگ اور اوور لوڈنگ کی روک تھام کے لئے ضلعی محکمہ ٹرانسپورٹ سمیت ٹرانسپورٹ اڈوں پر کنٹرول روم قائم کرکے سٹاف کو ڈیوٹیاںتفویض کر دی گئی ہیں ۔ علاوہ ازیں چیکنگ سکوارڈ بھی تشکیل دیاگیا ہے جومختلف ٹرانسپورٹ اڈوں کے علاوہ شاہرات پر زائدکرایوں کی روک تھام کے لئے سرگرم عمل ہے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں