نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی بے مثال قربانی اور سیرت پاک پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے، چوہدری لطیف نذر

بدھ 19 ستمبر 2018 13:01

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما و ممبر صوبائی اسمبلی فیصل ۱ٓباد چوہدری لطیف نذر گجر نے کہا کہ یوم عاشورہ اسلامی تاریخ میں منفرد حیثیت کا حامل ہے کیونکہ حضرت آدم علیہ السلام کی پیدائش،کائنات کی ابتداء اور روز محشر بھی اسی تاریخ پر رونما ہوں گی جبکہ نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین ؓ کی بے مثال قربانی اور سیرت پاک پوری امت مسلمہ کیلئے مشعل راہ ہے نیز محرم الحرام ہمیں ایثار، قربانی، مذہبی رواداری اور بلاتفریق رنگ ونسل احترام انسانیت کا درس دیتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہادت امام حسینؓ اور شہدائے کربلا دنیا بھر کے مسلمانوں کو باطل قوتوں کے سامنے ڈٹ جانے کا عملی پیغام دیتی ہے کیونکہ فتح ہمیشہ حق کی ہی ہوتی ہے جبکہ دنیا میں ملعون یزید کا نام لیوا آج کوئی بھی نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے عظمت اہل بیت اطہارؓ اور ہماری ذمہ داری کے حوالے سے کہا کہ ہمارے اسلاف نے پوری امت کو ہمہ وقت یہی پیغام دیا ہے کہ اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامے رکھو اور تفرقہ بازی میں نہ پڑو کے عظیم فلسفے کو عام کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے کیونکہ آج پورے عالم اسلام اور پاکستان کو انتہا پسندی، دہشت گردی اور اضطرابی کیفیت کی بدولت بدترین مسائل کا سامنا ہے لیکن صرف دس دن محرم منانے سے نہیں ’فکر حسینیت ؓ ‘ کو عملی زندگیوں میں اپنانے سے درپیش ملکی وملی مسائل حل ہوں گے اور دنیا وآخرت میں فلاح بھی حاصل ہوگی۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ جس طرح پورا زمانہ سیدنا حسینؓ سے محبت کرتا ہے اسی طرح تمام مسالک کی جانب سے اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کرکے اس بات کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں