حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں علاج معالجہ کی سہولیات میں وسعت لانے کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے تاہم طبی وسائل کی فراہمی میں مدد کے سلسلہ میں مخیر حضرات کا تعاون قابل ستائش ہے، ڈپٹی کمشنر

بدھ 19 ستمبر 2018 14:20

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے کہا کہ حکومت پنجاب صحت کے شعبہ میں علاج معالجہ کی سہولیات میں وسعت لانے کیلئے متعدد اقدامات کررہی ہے تاہم طبی وسائل کی فراہمی میں مدد کے سلسلے میں مخیر حضرات کا تعاون قابل ستائش ہے۔انہوں نے یہ بات پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی اورمیڈیکل سوشل ویلفیئر پراجیکٹ کے اشتراک سے 13لاکھ روپے مالیت کی ڈائیلاسز مشین کا عطیہ الائیڈ ہسپتال کے شعبہ نیفرالوجی کے حوالے کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف،ایڈیشنل میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر اکرم چیمہ،ڈاکٹر فہیم،میڈیکل سوشل ویلفیئر آفیسر عنبرین اقبال،صدر پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی ڈاکٹر جعفر حسن مبارک ودیگر عہدیداران مسز سارہ شفقت،سیدہ در شہوار،رانا نعیم،ڈونر رانا محمود الحسن اور دیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے الائیڈ ہسپتال کے مختلف شعبوں میں طبی مشینری ودیگر وسائل کی فراہمی کے سلسلے میں پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کی فلاحی خدمات کوسراہتے ہوئے کہا کہ صحت کے شعبہ میں دکھی انسانیت کی خدمت کے سلسلے میں درکار ضروریات کو پورا کرنے کے لئے مخیر حضرات کا جذبہ لائق تحسین ہے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت صحت کے شعبے کے استحکام وترقی پر خصوصی توجہ دے رہی ہے تاہم اس سلسلے میں کمیونٹی کے تعاون کو نظرانداز نہیں کیا جاسکتا کیونکہ مخیر حضرات کے تعاون سے ہسپتالوں میں فوری نوعیت کی ضروریات کو فی الفور پورا کیا جاسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ڈائیلاسزمشین کی فراہمی کی بدولت گردے کے مریضوں کے علاج میں کافی فائدہ ہوگا۔انہوں نے ہسپتال کی انتظامیہ سے کہا کہ وہ تمام تر طبی مشینری کی دیکھ بھال میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں اور مریضوں کی فلاح وبہبود کے سلسلے میں زیادہ سے زیادہ مخیر حضرات کو متحرک کریں۔

انہوں نے کہا کہ الائیڈ ہسپتال میں اعلیٰ نظم ونسق کو برقرار رکھا جائے اور بہترین مینجمنٹ کے ذریعے مریضوں کے دبائو کے چیلنج کا مقابلہ کرتے ہوئے طبی سہولیات کی فراہمی میں آسانی پیدا کی جائے ۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر خرم الطاف نے ڈپٹی کمشنر کو شعبہ نیفرالوجی کی کارکردگی سے آگاہ کیا۔پیشنٹ ویلفیئر سوسائٹی کے ڈاکٹر جعفر مبارک نے ڈپٹی کمشنر کی سرپرستی کا کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس عزم کو دہرایا کہ مریضوں کی بھلائی کیلئے فلاحی اقدامات اور ہسپتال میں درکار وسائل کی فراہمی میں تعاون کا سلسلہ جاری رہے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں