عاشورہ محرم پر امن وامان کی صورت حال کنٹرول میں رکھنے کیلئے وسیع تر حفاظتی انتظاما ت کئے گئے ہیں،چوہدری ظہیر الدین

جمعرات 20 ستمبر 2018 21:45

فیصل آباد۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) صوبائی وزیر برائے پبلک پراسیکیوشن/انچارج محرم انتظامات ضلع فیصل آبادچوہدری ظہیر الدین نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عاشورہ محرم پر امن وامان کی صورت حال کنٹرول میں رکھنے کے لئے وسیع تر حفاظتی انتظاما ت کئے ہیں اس سلسلے میں تمام تر انتظامی مشینری کو متحرک کیا گیا ہے ۔

انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس میں قائم سنٹرل محرم کنٹرول روم کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنرسید احمد فواد،سی پی او اشفاق احمد خاں،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل ملک مشتاق حسین،اسسٹنٹ کمشنر(سٹی)ڈاکٹر انعم ودیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے محرم کنٹرول روم میں حفاظتی وانتظامی امور کی مانیٹرنگ کے طریقہ کار کا جائزہ لیتے ہوئے سٹاف سے کہا کہ پُرامن عاشورہ محرم بہترین محکمانہ سروسز کا متقاضی ہے لہذا چوکس انداز میں فرائض انجام دیتے ہوئے کسی بھی شکایت پر فوری رد عمل کا مظاہرہ کرکے اس کا بلا تاخیر ازالہ کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم جلوسوں ومجالس میں لوگوں کی حرکات وسکنات پر نظر رکھیں اور مشتبہ افراد کے بارے میں پولیس کو فوری اطلاع کی جائے۔انہوں نے کنٹرول روم کی کارکردگی اور ضلعی انتظامیہ کے محرم انتظامات پر اپنے بھرپور اطمینان کا اظہار کیا اور کہا کہ محکموں کی مربوط حکمت عملی سے ہی اس چیلنج میں اچھے نتائج حاصل کئے جاسکتے ہیں لہذا محکمانہ رابطے میں تعطل نہیں آنا چاہیے۔

ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد نے بتایا کہ150سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے محرم کے تمام اہم جلوسوں ومجالس کی نگرانی کی جارہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ کنٹرول روم 24گھنٹے فعال ہے جس میں متعلقہ محکموں کا سٹاف تین شفٹوں میں کام کررہا ہے ۔انہوںنے نقشوں اورچاٹس کی مدد سے عاشورہ محرم کے جلوسوں ومجالس کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ ضلعی انتظامیہ،پولیس اور امن کمیٹی کے ارکان ان جلوسوں کے ہمراہ رہیںتاکہ حفاظتی وانتظامی امور کی نگرانی کے ساتھ ساتھ مذہبی ہم آہنگی اور رواداری کا ماحول بھی برقرار رہے۔

سی پی او اشفاق احمد نے بریفنگ کے دوران عاشورہ محرم کے سیکورٹی پلان کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور بتایا کہ حساس مقامات پراضافی فورس تعینات کی گئی ہے جبکہ جلوسوں ومجالس میں شرکت کرنے والوں کی چار درجاتی سکریننگ کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ دس محرم کو ضلع میںمجموعی طور پر 153جلوس اور 26مجالس منعقد ہوں گی جن کے تحفظ کے لئے سخت ترین سیکورٹی انتظامات کئے گئے ہیں۔

اس موقع پر میڈیا نمائندگان سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر پراسیکیوشن چوہدری ظہیر الدین نے کہا کہ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی قیادت میں حکومت پنجاب عاشورہ محرم کے پُرامن انعقاد کے لئے تمام تر وسائل بروئے کار لارہی ہے اور انتظامات کی نگرانی کیلئے تمام اضلاع میں صوبائی کابینہ کے وزراء کی ڈیوٹیز لگائی گئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ انصاف ومساوات موجودہ حکومت کا مشن ہے جس کے ثمرات ہرشہری تک پہنچیں گے۔

انہوں نے ضلعی انتظامیہ،پولیس اورامن کمیٹی کی مشترکہ کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ قیام امن کیلئے مذہبی رواداری اورفرقہ وارانہ ہم آہنگی کا فروغ اشد ضروری ہے جس کے لئے تمام مکاتب کے علماء کرام کا تعاون قابل ستائش ہے۔بعدازاں صوبائی وزیر پبلک پراسیکیوشن نے مرکزی امام بارگاہ ڈگلس پورہ اورچوک گھنٹہ گھر کا دورہ کرکے حفاظتی وانتظامی امورکاجائزہ لیا۔انہوں نے ضلعی انتظامیہ وپولیس کے افسران سے کہا کہ عاشورہ کے موقع پر تمام جلوسوں ومجالس کو سخت ترین سیکورٹی کے حصار میں رکھا جائے اور مشکوک افراد پر کڑی نظر رکھنے کے علاوہ جلوسوں کے منتظمین سے بھی قریبی رابطہ رکھیں تاکہ باہمی کوششوں سے حفاظتی انتظامات کو کامیابی سے یقینی بنایا جاسکے۔؂

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں