10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا

جمعرات 20 ستمبر 2018 21:45

فیصل آباد۔20 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 ستمبر2018ء) سی پی او فیصل آبا داشفاق احمد خان کی ہدایت پر10 محرم الحرام کے جلوسوں اور مجالس کے لئے سیکیورٹی پلان جاری کر دیا گیا ہے۔پولیس ترجمان نے آج یہاں بتایا کہ فیصل آباد میں 10محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ سے صبح 8بجے برآمدہو گا جو نڑوالا روڈ سے بھوآنہ بازارکے راستے گھنٹہ گھر میں داخل ہو گا ،گھنٹہ گھر سے کچہری بازار اور کچہری بازار سے گول کچہری بازار ،ریل بازاراور ریل بازار سے دوبارہ گھنٹہ گھر رائونڈ ابائوٹ میں داخل ہو کر امین پور بازار سے داخل ہو کر کوتوالی چوک پہنچے گا اور کوتوالی چوک سے نڑوالاروڈ سے ہوتا ہوا غروب آفتاب کے وقت مرکزی امام بارگاہ جعفریہ ٹرسٹ پر اختتام پذیر ہو گا ۔

(جاری ہے)

10 محرم الحرام کے روزضلع بھر میں26مجالس جن میں02اے کیٹگری ،04بی کیٹگری اور 20سی کیٹگری ہیں جبکہ 153جلوس جن میں17اے کیٹگری،19بی کیٹگری اور 117سی کیٹگری نکالے جائیں گے۔اقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ 07 مجالس ، جڑانوالہ ڈویژن میں06، لائل پور ڈویژن06، مدینہ ڈویژن 04اورصدر ڈویژن میں03مجالس کا اہتما م ہوگا جبکہ 10محرم الحرام میں 153 جلوس جن میںاقبال ڈویژن میں سب سے زیادہ40جلوس،صدر ڈویژن39،جڑانوالہ ڈویژن 37،مدینہ ڈویژن24اور لائل پور ڈویژن میں13 جلوس نکالے جائیں گے۔

جن کی سیکیورٹی کیلئی04 ایس پیز،13ڈی ایس پیز،30انسپکٹر،120سب انسپکٹر،409اے ایس آئی اور4000 سے زائد جوان تعینات کئے گئے ہے ،10 ایلیٹ فورس کی ٹیموں کے ساتھ ساتھQRFکی 15ٹیمیں بھی مجالس اور جلوسوں کے ارد گرد گشت کرتی رہیں گی۔ اس کے علاوہ 2000 سے زائد قومی رضا کار اور ولنٹیر بھی پولیس کے ہمراہ ڈیوٹی میںمعاونت کیلئے تیار رہیں گے جبکہ بیک اپ کیلئے پولیس لائنز میں 600سے زائد جوان سٹینڈ ٹو رہیں گے۔

انہوں نے بتایا کہ جلوسوں کے لئے 04 پرت حصار قائم کئے گئے ہیں جن میں سب سے پہلے ولنٹیرکے ذریعے بندے کی شناخت اور سرچ کی جائے گی، دوسرے مرحلے میںخواتین وحضرات مجلس کے لئے ایک راستے سے داخل ہوسکیں گے، تیسرے مرحلے میں واک تھرو گیٹ میٹل ڈیٹیکٹر سے سویپنگ کی جائے گی جبکہ چوتھے اور آخری مرحلے میں عبادت گاہوں کے ہال میں بھی سیکیورٹی تعینات کی جائے گی تاکہ محرم الحرام میںامن و امان کو یقینی بنایا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں