انسداد پولیو رائونڈ کو کامیاب بنانے کے لئے والدین کی آگاہی کے سلسلے میں موثر مہم جاری رہنی چاہیے‘ ڈپٹی کمشنر

ہفتہ 22 ستمبر 2018 22:25

فیصل آباد۔22 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 ستمبر2018ء) ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ انسداد پولیو رائونڈ کو کامیاب بنانے کے لئے والدین کی آگاہی کے سلسلے میں موثر مہم جاری رہنی چاہیے تاکہ کسی بھی گھر کا پانچ سال تک کی عمر کا کوئی بچہ حفاظتی قطروں کے بغیر نہ رہے۔انہوں نے یہ بات جڑانوالہ روڈ پر چک نمبر209ر ب پھاٹک کے قریب پختون آبادی رانا ٹائون میں بچوں کو قطرے پلا کر انسداد پولیو مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی کمشنر سید احمد فواد بھی ان کے ہمراہ تھے۔ڈائریکٹر ہیلتھ سروسز ڈاکٹر ریاض چدھڑ،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر برائے وبائی امراض ڈاکٹربلال احمد،ودیگر ڈاکٹرز کے علاوہ پختون آبادیوں کے نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ 24 سے 26ستمبر تک ضلع بھر میں پولیو مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کے بچوں کو ویکسین کے قطرے پلانے کے سو فیصد اہداف کے حصول میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اورکسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے تک چین سے نہ بیٹھیں۔

انہوں نے کہا کہ اگرچہ ضلع پولیو فری ہے تاہم پولیو مہم کا مقصد اس مرض کے وائرس کا یکسر خاتمہ کرنا ہے جس کے لئے محکمہ صحت کی ذمہ داریاں انتہائی اہمیت کی حامل ہیں۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ مہم کے ایام میں کسی گھر سے بچے کی غیرحاضری کی صورت میں باربار چکر لگائے جائیں۔اس ضمن میں معمولی سی بھی غفلت نہیں ہونی چاہیے۔ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ انسداد پولیو مہم کی کڑی مانیٹرنگ کی جائے گی اور اگر کسی جگہ کوتاہی پائی گئی تو متعلقہ ایریا انچارج ذمہ دار ہوگا۔

انہوں نے پختون آبادیوں کے نمائندوں اور سول سوسائٹی کے افراد کو مہم میں شامل رکھنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ عوامی مقامات پر پولیو ٹیموں کو متحرک رکھا جائے۔انہوں نے والدین سے اپیل کی کہ وہ اپنے پانچ سال تک کی عمر کے ہر بچے کو حفاظتی قطرے ضرور پلوائیں اورمحکمہ صحت کی ٹیموں سے تعاون جاری رکھیں۔ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایا کہ مہم کے دوران 13 لاکھ 54ہزار500بچوں کو قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے جس کے لئے 3234ٹیمیں متحرک ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ 27اور28ستمبر دو اضافی دن بھی کسی وجہ سے رہ جانے والے بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے پولیو ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور رہیں گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں