موسم سرما میں ممکنہ سموگ کے مضر اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی اقدامات کا آغاز

منگل 25 ستمبر 2018 17:46

فیصل آباد۔25 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 ستمبر2018ء) ڈپٹی کمشنر فیصل آباد سید احمد فواد نے تمام متعلقہ محکموں کو ہدایت کی ہے کہ ضلع میں سموگ پالیسی پر من وعن عملدرآمد کویقینی بنایا جائے تاکہ سردی کے موسم کے آغاز پر ممکنہ سموگ کے باعث ماحولیاتی آلودگی کے مضر اثرات سے شہریوں کو محفوظ رکھا جاسکے۔انہوں نے یہ ہدایت ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے جاری کی جس میں سموگ سے بچائو کے بارے میں مختلف انتظامی وانسدادی اقدامات کاجائزہ لیا گیا ۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)ملک مشتاق حسین نائچ،سی ای او(ہیلتھ)ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈپٹی ڈائریکٹر تحفظ ماحولیات شوکت حیات،اسسٹنٹ کمشنرز لیاقت علی کلہورو،محمد اورنگزیب،عدنان شہزاد،ڈائریکٹر لیبر ملک منورحسین اعوان،ڈی اوانڈسٹریز خالد محمود،ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،میونسپل کارپوریشن،لوکل گورنمنٹ،ٹریفک پولیس،زراعت تعلیم،پی ایچ اے،ضلعی پولیس،ایف ڈی اے،فاریسٹ سوشل ویلفیئر ودیگر محکموں کے افسران نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ ماحولیاتی تحفظ کے اقدامات بھی موجودہ حکومت کے ایجنڈے میں سرفہرست ہیں جن میں کامیابی کیلئے متعلقہ محکمے ذمہ دارانہ کردار ادا کریں۔انہوں نے کہا کہ موسمی تغیرات وماحولیاتی آلودگی کے باعث سموگ جیسی گھمبیر صورت حال کا سامنا کرنا پڑتا ہے جس میں شہریوں کی صحت کے تحفظ کیلئے ہرممکن انتظامی وانسدادی اقدامات کئے جائیں۔

انہوںنے سموگ کے مضر اثرات سے بچنے کیلئے شہریوں میںزیادہ سے زیادہ آگاہی پیداکرنے کی ضرورت پر زوردیااور کہا کہ سموگ کی وجوہات،اس کے تدارک اور ایسی صورت حال میں صحت کی حفاظت سے متعلق احتیاطی تدابیر اور دیگر ضروری معلومات کے پرچار کیلئے آگاہی واکس،سیمینارز،تقریری مقابلوں،لیکچرز اورپمفلٹس کی تقسیم سمیت معلوماتی بینرز وسٹیمرز آویزاں کئے جائیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں