اخوت کی جانب سے فیصل آباد ریجن کے 2ہزار سے زائد غریب خاندانوں میں قرض حسنہ کے چیک تقسیم

بدھ 26 ستمبر 2018 17:06

فیصل آباد۔26 ستمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 26 ستمبر2018ء) اخوت کی جانب سے فیصل آباد ریجن کے 2ہزار سے زائد غریب خاندانوں میں 6کروڑ روپے مالیت کے قرض حسنہ کے چیک تقسیم کر دیئے گئے ہیں۔اس سلسلہ میں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کی جامع مسجد میں منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ڈپٹی کمشنر سیدا حمد فواد نے کہا کہ فلاحی اور مہذب معاشرے کا تقاضا ہے کہ معاشی طور پر کمزور اور مستحق افراد کا ہاتھ تھاماجائے جس کیلئے سماجی تنظیم ’’اخوت‘‘نے اپنے فلاحی منصوبوں سے معاشرے میں ایسا عظیم انقلاب برپا کیا ہے جس کی دنیا بھر میں مثال نہیں ملتی۔

اس موقع پر وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا،ریجنل چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی اخوت پرویز خالد شیخ،وحید خالق رامے،محمد اسلم جاوید،خالد شوق،محمد پرویز اور دیگر بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے اسلامی تعلیمات واصولوں کے عین مطابق اخوت انتظامیہ کی عمدہ سوچ اور کامیاب فلاحی پروگرام کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم بھرپور صلاحیتوں کی حامل ہے لیکن وسائل کی کمی کے باعث معاشی مسائل آڑے آتے ہیں جن کی فراہمی کیلئے اخوت نے قابل قدر بیڑااٹھایا ہے جس کے کامیاب نتائج سامنے آرہے ہیں۔

انہوں نے قرض حسنہ حاصل کرنے والوں سے کہا کہ وہ انتہائی نیک نیتی اور دیانتداری سے محنت کرکے اپنے روزگار میں اضافہ کریں اور ایمانداری سے قرض حسنہ واپس کریں تاکہ دیگر بھی اس مائیکرو فنانس سکیم سے فائدہ اٹھا کر اپنے پائوں پر کھڑے ہوسکیں۔انہوں نے اخوت کے زیر اہتمام ایجوکیشن پروگرام،تعلیم بالغان،زرعی قرضہ جات،ٹیوٹا اوردیگر فلاحی منصوبوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اخوت کا یہ انقلابی فلاحی سفر جاری رہے گا ۔

تقریب سے وحید خالق رامے،محمدخالد،اسلم جاوید ودیگر مقررین نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ اسلامی اصولوں کے مطابق قرضہ جات کی فراہمی سے غربت میں کمی اور سود کے خلاف جہاد میں کامیابی حاصل ہوگی۔انہوں نے قرض حسنہ لینے والوںکی کامیابی اور برکت کے لئے دعا کی۔اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیداحمدفواد،وائس چانسلرڈاکٹر ظفراقبال رندھاوااورپرویز خالد شیخ نے مردوخواتین کے قریب جا کر انہیںقرضہ کے چیکس دئیے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں