فیصل آباد میں دیہی خواتین کا عالمی دن بھرپور طریقے سے منایا گیا

پیر 15 اکتوبر 2018 18:18

فیصل آباد۔15 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اکتوبر2018ء) پاکستان سمیت دنیا بھر میں دیہی خواتین کا عالمی دن پیر کو بھر پور طریقے سے منایا گیا۔اس سلسلہ میں صوبائی دارالحکومتوں سمیت ڈویژنل ، ضلعی ، تحصیل ، سٹی ہیڈکوارٹر ز پرمختلف تقریبات ، کانفرنسز ، سیمینار ز، ورکشاپس ، مذاکروں ، مباحثوں ، ٹاک شوز ، واکس کا انعقاد کیا گیا۔

مذکورہ دن منانے کامقصد دیہی خواتین کی خدمات کے اعتراف سمیت انہیں درپیش مشکلات اور مسائل کو اجاگر کرتے ہوئے ان کے حل کیلئے اقدامات تجویز کرنا تھا نیز اس موقع پر خواتین کے حقوق کیلئے سر گرم این جی اوز کی جانب سے منعقدہ سمپوزیمز کے دوران دیہی خواتین کے ملکی تعمیر و ترقی ،معیشت کی بحالی، زراعت کے فروغ ، لائیو سٹاک سیکٹر کے دوام وغیرہ کیلئے کردار پر بھی تفصیلی تبادلہ خیال بھی کیا گیا ۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے ایک قرار داد کے ذریعے دسمبر 2007ء میں ہر سال 15اکتوبر کو اقوام متحدہ کے 170سے زائد ترقی یافتہ و ترقی پذیر ممبران ممالک میں دیہی خواتین کا عالمی دن منانے کی منظوری دی تھی جس کے تحت 15اکتوبر 2008ء سے ہر سال باقاعدگی کے ساتھ خواتین کا عالمی دن منایاجا رہا ہے۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ اس وقت دنیا بھر میں ڈیڑھ ارب سے زائد دیہی خواتین شعبہ زراعت و لائیو سٹاک سیکٹر سے منسلک ہیں جو زراعت و خوراک اور دودھ و گوشت کی بھر پور پیداوار کے حصول میں اپنا کردار ادا کرتے ہوئے عوامی ضروریات پوراکرنے کیلئے سرگرم عمل ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں