نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے درخواست فارمز کی وصولی کیلئے ڈی سی آفس فیصل آباد میں نادرا کے کائونٹرز قائم

ْشہری 21 دسمبر تک صبح 9سے شام 4بجے تک اپنی درخواستیں 250 روپے رجسٹریشن فیس کے ہمراہ جمع کراسکتے ہیں

منگل 23 اکتوبر 2018 17:50

فیصل آباد۔23 اکتوبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اکتوبر2018ء) نیا پاکستان ہائوسنگ پروگرام کے سلسلہ میں شہریوں سے درخواست فارمز کی وصولی کیلئے ڈپٹی کمشنر آفس فیصل آباد میں نادرا کے کائونٹرزقائم کر دیئے گئے ہیں جہاں شہری 21 دسمبر تک صبح 9سے شام 4بجے تک اپنی درخواستیں 250روپے رجسٹریشن فیس کے ہمراہ جمع کراسکتے ہیں۔فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایاکہ درخواست فارم نادار کی ویب سائٹ یا ڈی سی آفس فیصل آباد میں قائم کائونٹرز سے بلامعاوضہ حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

انہوںنے کہا کہ اس پراجیکٹ کے تحت بے گھر افراد کو مناسب قیمت اور آسان اقساط پر بہترین رہائش فراہم کی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ حکومت کے اس پروگرام کے تحت مختلف شہروں میں 5سالوں میں 50 لاکھ گھر بنائے جائیں گے اور رجسٹریشن سے لے کر گھروں کی تعمیر سمیت تمام عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ حکومت پنجاب پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت زمین فراہم کرے گی جبکہ پرائیویٹ فرمز سے گھر تعمیر کرائے جائیں گے۔

انہوںنے بتایا کہ فیصل آباد میں گھروں کی تعمیر کیلئے مقامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے اورہائوسنگ پروگرام میں معذور افراد کیلئے کوٹہ بھی مختص ہوگا۔انہوں نے شہریوں سے کہا کہ وہ مطمئن ہو کربلا خوف وخطر درخواست فارمز جمع کرائیں ۔ انہوں نے مزید بتایا کہ اس پروگرام کے تحت 3مرلہ،5مرلہ اور ملٹی سٹوری فلیٹس تعمیر کرنے کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی ہے اور رجسٹریشن کے ڈیٹا کو مدنظر رکھتے ہوئے گھروں کی تعمیر کے اقدامات کو آگے بڑھا یا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں