صوبائی وزیر صحت / پرووائس چانسلر ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس

منگل 13 نومبر 2018 23:57

ٖفیصل آباد۔ 13نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 نومبر2018ء) صوبائی وزیر صحت / پرووائس چانسلر ڈاکٹر یاسمین راشد کی زیر صدارت فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے سنڈیکیٹ کا پہلا اجلاس منعقد ہوا جس میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے مالیاتی و انتظامی امور کا جائزہ لیکر ضروری فیصلے کئے گئے ۔وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے اجلاس کے آغاز میں فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے زیر اہتمام الائیڈ ‘ سول اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال غلام محمد آباد کی طبی کارکردگی ‘ میڈیکل سروسز کو مزید بہتر بنانے کیلئے نئی اصلاحات اور درکار وسائل کی تفصیلات سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کی ترقیاتی پیش رفت ‘ پی ایچ ڈی پروگرام اور تدریسی شعبہ میں نئے ڈسپلنز کیلئے منصوبہ سازی ‘ تحقیقاتی سرگرمیوں ‘ یونیورسٹی کے نیو کیمپس کے قیام کیلئے 10 سالہ پروگرام ‘ میڈیکل کالجز کے الحاق کے معاملات اور دیگر انتظامی و تدریسی امور کے بارے میں بریفنگ دی ۔

(جاری ہے)

رجسٹرار فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر حنا عائشہ نے سنڈیکیٹ کے اجلاس کا ایجنڈا پیش کیا ۔

اس موقع پر الائیڈ ‘ سول اور گورنمنٹ جنرل ہسپتال کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس ڈاکٹر خرم الطاف ‘ ڈاکٹر خالد فخر ‘ ڈاکٹر محمد عباس ‘ ٹریژار شہزاد علی ‘ ڈاکٹر روبینہ فردوس ‘ سیٹھ افتخار ‘ مہر حامد رشید ‘ ظفر اقبال قریشی اور دیگر ارکان کے علاوہ محکمہ صحت اور فنانس پنجاب کے نمائندگان بھی موجود تھے ۔ اجلاس کے دوران فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کے مالیاتی امور کا جائزہ لینے کیلئے فنانس کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ الائیڈ ہسپتال میں مختلف طبی مشینری کی دیکھ بھال‘ صفائی کے نظام کو آئوٹ سورس کرنے کے معاہدہ میں توسیع ‘ کنٹریکٹ سٹاف کی ملازمت میں توسیع ‘ مختلف نوعیت کی مشینری و ضروری سامان کی خریداری اورلیڈی ڈاکٹرہاسٹل کی توسیع ‘ سمیت دیگر اہم نوعیت کے فیصلے کئے گئے ۔

اجلاس میں اسسٹنٹ ڈائریکٹر کوالٹی کنٹرول اور فیکلیٹی ممبرز کی خالی آسامیوں پر تعیناتی کیلئے اقدامات کرنے بھی منظوری دی گئی ۔ صوبائی وزیر صحت نے فیصل آباد میڈیکل یونیورسٹی کو خطے میں طبی تعلیم کی بہتر سہولیات کیلئے اہم ادارہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ میڈیکل کے شعبہ میں جدید ریسرچ کو فروغ ملے گا جس کے لئے ہر ممکن فنڈز فراہم کئے جائیں گے۔

انہوںنے ہدایت کی کہ یونیورسٹی کے تمام تر مالیاتی امور میں شفافیت کو یقینی بنائیں اور فنڈز کے استعمال میں فنانس رولز ‘ متعلقہ قواعد و ضوابط اور شرائط کی پابندی ہونی چاہئے۔ انہوںنے میڈیکل سپرنٹنڈنٹس سے کہا کہ ہسپتالوں کی مشینری کو ہمہ وقت چالو حالت میں رکھا جائے اور خرابی کی صورت میں مرمت و بحالی میں بے جا تاخیر نہیں ہونی چاہئے ۔

انہوںنے کہا کہ ہسپتالوں میں میڈیکل سروسز کو کمپلینٹ فری بنانے کے لئے خصوصی اقدامات کئے ہیں اس مقصد کیلئے صوبائی کمپلینٹ سیل فعال اندازمیں کام کر رہا ہے جس میں موصول ہونے والی شکایات کا فوری نوٹس لیا جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈاکٹروں‘ نرسز اور دیگر سٹاف کا مریضوں اور ان کے لواحقین کے ساتھ عمدہ رویہ ‘ اعلی کارکردگی کی ضمانت ہے لہذا اس جانب خصوصی توجہ دیں ۔

انہوںنے کہا کہ سینئر ڈاکٹرز کو رول ماڈل ہونا چاہئے اور وارڈز میں مریضوں کے معائنہ کے علاوہ میڈیکل سٹوڈنٹس اور جونیئر ڈاکٹرز بیڈ سائیڈ ٹیچنگ میں خصوصی دلچسپی لیں ۔انہوںنے کہا کہ ڈاکٹرز و نرسز کو ہاسٹلز کی بہتر سہولیات اور عمدہ پیشہ وارانہ ماحول فراہم کریں تاکہ وہ بہتر کارکردگی دکھا سکیں۔ آخر میں وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر ظفر علی چوہدری نے صوبائی وزیر صحت ڈاکٹر یاسمین راشد کو یادگاری شیلڈ پیش کی اور ان کی سنڈیکیٹ کے اجلاس میں آمد کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں