فیصل آباد میں سوشل سیکورٹی کا ایک اور ہسپتال قائم کیا جائے گا ، صوبائی وزیر محنت

پیر 19 نومبر 2018 23:28

فیصل آباد۔19 نومبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 نومبر2018ء) فیصل آباد میں سوشل سیکورٹی کا ایک اور ہسپتال قائم کیا جائے گا جبکہ صوبائی سطح پر جمع ہونے والے ورکرز ویلفیئر فنڈ کو اسی صوبے پر خرچ کرنے کیلئے قانون سازی کی جائے گی۔ یہ بات صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت عنصر مجید خاں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں ایک خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں صوبائی وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال اور سماجی بہبود و بیت المال کے صوبائی وزیر محمد اجمل چیمہ کے علاوہ مقامی ارکان اسمبلی نے بھی شرکت کی۔

صوبائی وزیر محنت نے بتایا کہ کہا جاتا ہے کہ فیصل آباد میں 20 لاکھ محنت کش ہیں مگر ان میں سے صرف 2 سے 3 لاکھ رجسٹرڈ ہیں۔ باقی ورکرز کی رجسٹریشن کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے گا تاکہ انہیں بھی سوشل سیکورٹی کے نٹ میں لایا جا سکے۔

(جاری ہے)

مقامی صنعتوں کے آڈٹ لاہور میں کرانے کے بارے میں انہوں نے یقین دلایا کہ یہاں کی صنعتوں کا آڈٹ فیصل آباد میں ہی ہو گا جبکہ لیبر کی کنٹری بیوشن 15 ہزار سے بڑھا کے 22 ہزار کرنے کے فیصلے پر بھی از نو غور کیا جائے گا۔

عنصر مجید خاں نے بتایا کہ گھریلو ملازمین کے حقوق کے تحفظ کیلئے بھی قانون سازی کی جا رہی ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد کی لیبر کالونیوں او ر سکولوں کی حالت نہایت ابتر ہے وہ غور کر رہے ہیں کہ وزیر اعظم کی طرف سے ملک بھر میں 50لاکھ مکانوں کی تعمیر کے سلسلہ میں ان کالونیوں کو بھی استعمال کیا جا سکے۔ ہائی کورٹ کے ڈویژنل بنچ کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ اس مطالبے کی مکمل حمایت کرتے ہیں تاہم اس سلسلہ میں عوامی قوت کو استعمال کرنا ہو گا۔

انہوں نے بتایا کہ جنوری میں بار ایسوسی ایشنوں کے انتخابات کے بعد وہ اس مسئلہ پر وزیر اعظم عمران خان اور وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے بھی بات کریں گے۔انصر مجید خاں نے چھوٹے دکانداروں کو سوشل سیکورٹی کے نوٹس بھیجنے کا بھی سختی سے نوٹس لیا اور کہا کہ وہ اس معاملے کی جلد انکوائری کرائیں گے تاکہ اس سلسلے کو روکا جا سکے۔ سلیب سسٹم کے بارے میں انہوں نے بتایا کہ وہ سوشل سیکورٹی کے پورے نظام کی آٹو میشن کر رہے ہیں جس کی وجہ سے پور انظام نہ صرف مربوط ہوجائے گا بلکہ اس میں کرپشن کی شکایات پر بھی قابو پایا جا سکے گا۔

صوبائی وزیر زراعت نعمان احمد لنگڑیال نے بتایا کہ حکومت کھاد پر 500 روپے کی سبسڈی دے رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی کی وجہ سے ڈالر کی قیمت میں 25-27روپے کا اضافہ ہے تاہم وزیر اعظم عمران خان کے دوست ممالک کے حالیہ دوروں کے دوران ملنے والے بیل آئوٹ پیکج کے نتیجے میں ڈالر کی قیمت میں کمی متوقع ہے جس کے بعد کھاد کی قیمتوںمیں بھی کمی ہو گی۔

انہوں نے بتایا کہ پہلی حکومت کی پالیسی تھی کہ کھالوں کی کل لمبائی کے پچاس فیصد کو پختہ کیا جائے گا جبکہ موجودہ حکومت نے نہ صرف اس کی 70فیصد لمبائی کو پختہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ 20 سال پہلے تعمیر ہونے والے پکے کھالوں کو بھی از سر نو تعمیر کیا جائے گا۔ انہوں نے بتایا کہ مارکیٹ کمیٹیوں کے ایکٹ میں بھی ترمیم کی جا رہی ہے جس کے تحت ان کے بورڈز میں متعلقہ چیمبرز کے دو۔

دو ممبروں کو بھی شامل کیا جائے گا۔ سماجی بہبود اور بیت المال کے صوبائی وزیر اجمل چیمہ نے بتایا کہ فیصل آباد کے صنعتکار پہلے ہی سماجی کاموں میں بڑھ چڑھ کر حصے لے رہے ہیں تاہم انہیں سوشل ویلفیئر کے ڈائریکٹر سے مل کر مربوط انداز میں کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے بتایا کہ سوشل ویلفیئر کے زیر اہتمام چلنے والے صنعت زار میں بچیوں کو مختلف قسم کے ہنر سکھائے جاتے ہیں صنعتکاروں کو چاہیے کہ وہ ان بچیوں کو اپنے اداروں میں ملازمت دیں تاکہ وہ باعزت روزگار کما سکیں۔

اس سے قبل خطبہ استقبالیہ پیش کرتے ہوئے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین نے بتایا کہ یہ فیصل آباد کی خوش قسمتی ہے کہ آج یہاں 3 وزراء کے علاوہ بڑی تعداد میں ارکان اسمبلی بھی موجود ہیں۔ انہوں نے فیصل آباد کا مختصر تعارف کرایا اور بتایا کہ فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری گزشتہ 44سالوں سے مقامی تاجروں اور صنعتکاروں کی بھر پور نمائندگی کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ فیصل آباد صنعتی اور زرعی شہر ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں کہ جب تک اس کی زراعت ٹھیک نہیں ہو گی صنعت کو درست کرنا مشکل ہوگا۔ انہوں نے موجودہ حکومت کی نوے دن کی کامیابیوں پر اطمینان کا اظہار کیا اور بتایا کہ حکومتی اقدامات کی وجہ سے برآمدات اور غیر ملکی ترسیلات میں اضافہ ہوا ہے جبکہ درآمدات کم ہو رہی ہیں اور توقع ہے کہ 12 ارب کا تجارتی خسارہ کم ہو کر صرف 3 ارب ر ہ جائے گا۔

انہوں نے فیصل آباد کے محنت کشوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے مزید ہسپتال قائم کرنے کا بھی مطالبہ کیا اور کہا کہ سوشل سیکورٹی اور اولڈ ایج بارے بھی محنت کشوں کے مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔ بعد میں سوال و جواب کی طویل نشست ہوئی جس میں سینئر نائب صدر میاں تنویر احمد، نائب صدر انجینئر احتشام جاوید ، حاجی محمد اسلم بھلی، حاجی طالب حسین رانا، کاشف ضیاء ، رانا سکندر اعظم ، تنویر ریاض، عبدالحق اور ایوب اسلم منج نے بھی حصہ لیا۔ آخر میں تینوں مہمانوں کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈیں بھی پیش کی گئیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں