فیصل آباد کی مختلف تجارتی ، کاروباری ، صنعتی تنظیموں کی تمام روٹس پر پبلک اربن ٹرانسپورٹ چلانے کی اپیل

پیر 10 دسمبر 2018 18:17

فیصل آباد۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) فیصل آباد کی مختلف تجارتی ، کاروباری ، صنعتی تنظیموں کی جانب سے مزدوروں، سرکاری ملازمین ، طلباء و طالبات ، کاروباری افراد کی سہولت کیلئے فوری طور پر تمام روٹس پر پبلک اربن ٹرانسپورٹ چلانے کی اپیل کی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ پنجاب حکومت سمیت ڈویژنل و ضلعی انتظامیہ اس جانب فوری توجہ مبذول کرے تاکہ شہر یوں کو اربن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کے باعث مہنگی سواریوں اور آٹو رکشوں پر سفر کی صورت میں بھاری مالی اخراجات سے نجات مل سکے۔

فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر سید ضیاء علمدار حسین ، کلاتھ بورڈ اتحاد گروپ کے مرکزی صدر حاجی نصیر یوسف وہرا ، آ ل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے رہنماشیخ خالد حبیب ، انجمن تاجران کلاتھ کٹ پیس بورڈ فیکٹری کے صدر حاجی شمشاد علی ، صدر سمال سٹیٹس ایسوسی ایشن پیر امیر رندھاوا نے میڈیا سے بات چیت کے دوران کہا کہ فیصل آباد شہر میں پبلک اربن ٹرانسپورٹ کے فقدان کی وجہ سے شہریوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے اور اربن ٹرانسپورٹ نہ ہونے کی وجہ سے آٹو رکشوں اور مہنگی سوار ی پر سفر کرنے کے باعث شہریوں کو بھاری کرائے دینا پڑ رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ سرکاری ملازمین ‘ مزدوروں ‘ طلبا و طالبات ‘ کاروباری حضرات سمیت دیگر شہریوں کے مہنگے کرائے ادا کرنے کی وجہ سے ان کا مہینے بھر کا بجٹ متاثر ہو جاتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف مہنگائی اور بے روز گاری ہے تو دوسری طرف شہریوں کو پبلک ٹرانسپورٹ سروس نہ ہونے کی وجہ سے کافی مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوںنے وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار ‘ ڈویژنل کمشنر آصف اقبال چوہدری‘ ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر سے مطالبہ کیا ہے کہ شہریوں کی سہولت کیلئے فوری طور پر اربن ٹرانسپورٹ سروس کا اجراء کیا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ ایک عرصہ سے وارث پورہ سے غلام محمد آباد تک جانے والی اربن ٹرانسپورٹ سرے سے ختم جبکہ شہر کے دوسرے روٹس پر چلنے والے اربن ٹرانسپورٹ انتہائی کم ہونے کے علاوہ ناکارہ ہوچکی ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب تک شہریوں کو پبلک اربن ٹرانسپورٹ سروس کی سہولیات فراہم نہیں کی جائیں گی شہری خوار ہوتے رہیں گے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ ماضی میں چلائی جانے والی اربن ٹرانسپورٹ سروس ٹھپ ہونے کی وجہ سے شہر کے بیشتر روٹس پر شتر بے مہار رش بڑھتا جارہا ہے ۔

انہوںنے کہاکہ شہر میں ایک طرف ٹریفک کا اژدھا م بڑھ چکا ہے تو دوسری طرف آلودگی کی وجہ سے شہری سانس‘ دمے اور دیگر موذی امراض میں مبتلا ہو رہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ فیصل آباد میں اربن ٹرانسپورٹ کا فوری اجراء کیا جائے تاکہ شہریوں کی مشکلات میںکمی واقع ہو سکے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں