مثبت سوچ رکھنے والے نوجوان ہی پاکستان کا بہترین سرمایہ ہیں،وفاقی پارلیمانی سیکرٹری ریلوے

منگل 11 دسمبر 2018 00:00

فیصل آباد۔10 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 دسمبر2018ء) وفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے ریلوے میاں فرخ حبیب ایم این اے نے کہا ہے کہ مثبت سوچ رکھنے والے نوجوان ہی پاکستان کا بہترین سرمایہ ہیں، ملک کے مستقبل سے مایوس نہیں بلکہ بہت جلدپوری دنیا کے اہم فیصلے پاکستان میں ہوں گے، ہر پاکستانی بالخصوص نوجوانوں کو بلا جھجک پاکستان کی خدمت کیلئے اپنے آپ کو وقف کرنا ہوگا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستانی نوجوانوں میں مثبت سرگرمیوں کے فروغ کیلئے متحرک سب سے بڑی تنظیم ’پازیٹو پاکستان‘کے زیراہتمام ملازمت کیلئے انٹرویوز سے مایوس اور کاروبارکیلئے مناسب رہنمائی کے متلاشی نوجوانوں کیلئے ایک روزہ تربیتی ورکشاپ بعنوان ’اُٹھ جواناں!‘ (Rise Youth) میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سیمینار فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے آڈیٹوریم میں منعقد ہوا۔

جس سے میاں فرخ حبیب کے علاوہ مہمانانِ اعزاز ڈاکٹر طارق شریف زادہ، نائب صدر پازیٹو پاکستان سید محمد انیس، میڈم فوزیہ نسیم، میڈم گلشن شاہد، فواد نصیر، محمد کلیم، ولید اصغر حسینی، شہباز ارشاد اور سیماب عارف نے ’چوتھے صنعتی انقلاب‘ کو سامنے رکھتے ہوئے نوجوانوں کو مواقع فراہم کرنے کیلئے رہنماخطاب کئے ۔ اس تقریب کے کامیاب انعقاد میں پازیٹو پاکستان فیصل آباد کی ٹیم محمد امجد، عدنان صابر، مہران مختار، اظہار احمد دانش، عمر طاہر، احمد فیض، احتشام محمود، اقصیٰ کنول، سیدہ صباحت شاہ، محمد فیصل، محسن صادق، میمونہ مجید، حمنہ ناز، کشف ارشد، فرحانہ کوثر اور عروج انوارنے بہترین انتظام کئے جبکہ کمپیئرنگ کے فرائض سحرش امتیاز اور عبد الرزاق نے انجام دئیے۔

مقررین نے نوجوانوں کی مختلف شعبہ جات کے حوالے سے رہنمائی کی۔ ورکشاپ میں مختلف کاروباری اداروں کے چیف ایگزیکٹو آفیسرز، پروفیشنلز ، آئی ٹی ماہرین سمیت یونیورسٹی طلبہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔میاں فرخ حبیب نے خطاب میں کہا کہ سنگل میل کو منزل سمجھنے کے مغالطے سے نکل کرحقیقی منزل کا تعین کرکے اس کا حصول یقینی بنانا ہوگا۔ پاکستان کی ترقی کیلئے نوجوان مشکل اہداف کو اپنے لگن اور جذبے سے آسان ترین بنا سکتے ہیں۔

پازیٹو پاکستان نوجوانوں میں فکر اقبالؒ کی روشنی میں خدمت اور عزمت کا جوجذبہ پیدا کررہی ہے وہی حقیقی معنوں میں تبدیلی ہے۔ ہم نے اپنے لیڈر اور وزیراعظم عمران خان سے مسلسل جدوجہد کرنا سیکھا ہے۔ کئی بین الاقوامی کھلاڑی چند میچوں میں اچھی کارکردگی دکھا کر آٹو گراف دینے پر ہی اکتفا کرکے اپنی کارکردگی خراب کرلیتے تھے۔ مگر عمران خان نے ہمیشہ کامیابی کے بعد اگلے مشکل ترین ہدف کو چن کر اسے حاصل کرکے دکھایا۔آج پاکستانی نوجوانوں کا یہی جذبہ ہوتو ہم دنیا کی سپر پاور بن سکتے ہیں اور ان شاء اللہ بن کے دکھائیں گے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں