ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 159ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنز منسوخ کر دیئے گئے

بدھ 12 دسمبر 2018 16:57

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 12 دسمبر2018ء) ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی پر 159ڈرائیوروں کے ڈرائیونگ لائسنز منسوخ کر دیئے گئے ہیں جبکہ باقی ڈرائیورز کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ شاہرات پر ڈرائیونگ کے دوران ٹریفک کے قوانین کی خلاف ورزی سے اجتناب برتیں تاکہ شاہرات پر حادثات کم سے کم ہو سکیں بصورت دیگر ان کے خلاف مقدمات کے اندراج اور ان کی گاڑیاں 72گھنٹوں کیلئے بند کر نے سمیت ان کے ڈرائیونگ لائسنس منسوخ کر دیئے جائیں گے۔

سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کے ترجمان نے بدھ کے روز ’’اے پی پی ‘‘کو بتایاکہ بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑیاں چلانے والوں کی حوصلہ شکنی کی جا رہی ہے اور تمام افراد کو لائسنس حاصل کرنے کا پابند بنایا جا رہا ہے۔انہوںنے بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس فیصل آباد کی وساطت سے 1058خواتین سمیت 24ہزار 539افراد کو رواں سال میں ڈرائیونگ لائسنس جاری کئے گئے جبکہ پاسپورٹ پر غیرملکی ویزا اور نیشنل لائسنس کے حامل 745افراد کو انٹر نیشنل ڈرائیونگ لائسنسوں کا اجراء بھی عمل میں لایا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ موٹر سائیکل ، ہیوی ٹرک ، بس و دیگر گاڑیوں کے ڈرائیونگ لائسنس کے خواہشمند ایک لاکھ 32ہزار 161شہریوں کی طرف سے لرنر پرمٹ حاصل کئے گئے تاہم ان میں سے 32ہزار 276افراد ڈرائیونگ ٹیسٹ میں حصہ لے سکے۔انہوںنے بتایاکہ ٹیسٹ میں ناکام ہونے والے 7ہزار 737امیدواروں کو دوبارہ تیاری کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔، انہوںنے مزید بتایاکہ سٹی ٹریفک پولیس کی لائسنسنگ برانچ سے رجوع کرنے والے 3ہزار 561شہریوں کو ڈوپلیکیٹ لائسنس جاری کئے گئے جبکہ مقررہ مدت ختم ہونے پر 14ہزار 475ڈرائیونگ لائسنسوں کی تجدید عمل میں لائی گئی۔

انہوںنے کہاکہ لرنر پرنٹس سے ڈرائیونگ لائسنسوں کیلئے بنائی جانے والی فائلوں پر 5کروڑ 21لاکھ 31ہزار 860روپے مالیت کے سرکاری پوسٹل ٹکٹ چسپاں کئے گئے جس سے قومی خزانہ کو خاطر خواہ آمدن بھی حاصل ہوئی ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں