چلڈرن ہسپتال میں ان ڈور فارمیسی کی سہولت فراہم ، ڈپٹی کمشنر نے افتتاح کر دیا

جمعرات 13 دسمبر 2018 23:55

فیصل آباد۔13 دسمبر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 دسمبر2018ء) چلڈرن ہسپتال میں ان ڈور فارمیسی کی سہولت فراہم کردی گئی ہے جس کا باقاعدہ افتتاح ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کیا۔میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹرحبیب بٹر،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹرمشتاق سپرا،ڈپٹی میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر عقیل انجم ودیگر اس موقع پر موجود تھے۔ڈپٹی کمشنر نے چلڈرن ہسپتال میں علاج معالجہ کی سہولیات میں مزید بہتری لانے پر انتظامی افسران کی کاوشوںکو سراہتے ہوئے کہا کہ مریض بچوں کی صحت کی بحالی کے لئے میڈیکل سروسز میں وسعت قابل ستائش اقدام ہے ۔

انہوں نے ہدایت کی کہ شعبہ صحت میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ چلڈرن ہسپتال میں جدید اور معیاری طبی سہولیات کی دستیابی سے نہ صرف اس ضلع بلکہ ملحقہ اضلاع سے آنے والے مریض بچے بھی مستفید ہو رہے ہیں لہذا اعلی نظم و نسق میں کوئی کمی نہیں آنی چاہئے ۔

(جاری ہے)

میڈیکل سرنٹنڈنٹ ڈاکٹر حبیب بٹر نے بتایا کہ ان ڈور فارمیسی کے قیام سے قبل مریض بچوں کے والدین کو شعبہ ایمرجنسی سے ادویات لانے میں دقت ہوتی تھی اب اس سہولت سے ہر فلور کے مریض فائدہ اٹھا سکیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان ڈور فارمیسی کا نظام بھی مکمل کمپیوٹرائزڈ ہے اور آن لائن سسٹم سے ادویات کے اجراء کے امور کو شفاف بنایا گیا ہے ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں