فیصل آباد،اقلیتوں کو اسلام نے جو حقوق دئیے ہیں وہ کسی اور مذہب میں حاصل نہیں ہیں، صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی

پاکستانی قوم ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی، پاکستان کے مذہبی معاملات کو کنٹرول کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا، چیئرمین مرکزی علماء کونسل

جمعہ 14 دسمبر 2018 21:43

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 14 دسمبر2018ء) اقلیتوں کو اسلام نے جو حقوق دئیے ہیں وہ کسی اور مذہب میںحاصل نہیں ہیں۔امریکہ پاکستان میں کونسی اقلیت کومذہبی آزادی دلوانا چاہتا ہے۔ پاکستانی قوم ایسے کسی فیصلے کو قبول نہیں کرے گی ۔ پاکستان کے مذہبی معاملات کو کنٹرول کرنے کا امریکی خواب کبھی پورا نہیں ہوگا۔ قومی اسمبلی میں شراب پر پابندی کا بل مسترد ہونا حکومت کے پاکستان کو ریاست مدینہ بنانے کے دعوئوں کی سراسر نفی ہے۔

پاکستان کو مدینہ منورہ طرز کی ریاست بنانے میں پارلیمنٹ میں غیر اسلامی سوچ رکھنے والے افراد سب سے بڑی رکاوٹ ہیں۔ پارلیمنٹ میں شراب پر پابندی کے بل کی مخالفت غیر اسلامی اقدام ہے۔ یہ بات چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے مرکزی جامع مسجد گول میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ کی جانب سے مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کا الزام ڈومور کے تقاضوں پر پاکستان کو آمادہ کرنے کا ایک حربہ ہے۔

پاکستان میں اقلیتوں کو ملک کے آئین و قانون کے مطابق تمام حقوق حاصل ہیں جبکہ خود امریکہ میں اقلیتوں کے حقوق سلب کئے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قوم جانتی ہے کہ مذہبی آزادی کی خلاف ورزیوں کی آڑ میں امریکہ کونسی اقلیت کو پاکستان میںمذہبی آزادی دلوانا چاہتا ہے۔ پارلیمنٹ کے متفقہ فیصلے کی روشنی میں اسلام اور آئین پاکستان سے بغاوت کرنے والوں کو غیر مسلم اقلیت قرار دیا گیا تھا۔

آج امریکہ اُس اقلیت کے حقوق کی بات کررہا ہے جس نے آ ج تک پاکستان کے وجود اور آئین کو تسلیم نہیں کیا ہے۔ صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے حکومتی رکن پارلیمنٹ رمیش کمار کی جانب سے شراب پر مکمل پابندی کا بل پیش کرنے کو خوش آئند قرار دیا جبکہ حکومتی اور اپوزیشن اراکین کی جانب سے متفقہ طور پر اس بل کی مخالفت کرنے کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت پاکستان کو مدینہ منورہ طرز کی اسلامی فلاحی ریاست بنانے میں مخلص ہے تو قومی اسمبلی میں شراب پر پابندی کے بل کو فوری طور پر منظور کروائے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں