سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد منا کر قوم نے امن دشمنوں کو پیغام دے دیا ہے کہ ہم زندہ قوم ہیں، آرمی پبلک سکول کے شہداء بچے ہمارا تاریخی اثاثہ تھے جنھیں ہمشیہ خراج عقیدت پیش کیا جاتا رہے گا،فیصل آباد آرٹس کونسل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے کمشنر و دیگر حکام کا خطاب

پیر 17 دسمبر 2018 17:11

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 دسمبر2018ء) کمشنر فیصل آباد ڈویژن آصف اقبال چوہدری نے کہا ہے کہ سانحہ اے پی ایس کے شہداء کی یاد منا کر قوم نے امن دشمنوں کو پیغام دے دیا ہے کہ ہم زندہ قوم اور جان و مال کی قربانی دے کر ملک بچانا جانتے ہیں جبکہ آرمی پبلک سکول کے شہداء بچے ہمارا تاریخی اثاثہ تھے جن کی یاد مرتے دم تک منائی جاتی اور خراج عقیدت پیش کیا جاتا رہے گا ۔

پیر کو فیصل آباد آرٹس کونسل اور ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی کے زیر اہتمام اے پی ایس کے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر فیصل آباد ڈویژن آصف اقبال چوہدری ، ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر ، سٹی پولیس آفیسر اشفاق احمد خان ، چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی علی احمد سیان ، چیئر مین پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ا تھارٹی چوہدری لطیف نذر ایم پی اے ، نیوی کمانڈر فاروق احمد خان ، ریذیڈنٹ ڈائریکٹر فیصل آباد آرٹس کونسل صوفیہ بیدار اور دیگر مقررین نے کہا کہ آج کی نشست کے دو مقاصد ہیں ایک یہ کہ اے پی ایس اور دوسرے تمام شہداء کو سلام پیش کیا جائے اور اس کا دوسرا رخ یہ ہے کہ ہم پاکستان کے دشمنوں کو پیغام دے رہے ہیں کہ ہم ایک زندہ قوم اور ہر قربانی دے کر اپنے ملک کو بچانا جانتے ہیں اس لئے جب تک ہم زندہ رہیں گے ہم یہ شہداء کا دن مناتے رہیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ اس واقعہ کے پیچھے دہشت گردی کی لمبی داستان ہے دراصل دشمن نے یہ سمجھ لیا تھا کہ چونکہ وہ فوج اور پولیس سے نہیں لڑ سکتا اس لئے اس نے ہمارے طالب علم بچوں پر حملہ کر دیا ۔ انہوںنے کہاکہ اس واقعہ نے ہمیں دشمن کے خلاف اکٹھا کر دیا ہے ۔ انہوںنے کہاکہ افسوس کہ ہم شہیدوں کی قربانیوں کو بھول جاتے ہیں لہٰذا ہمیں اپنی صفوں میں دشمنوں کو تلاش اور ان کے خلاف متحد ہونا ہوگا ۔

انہوںنے کہاکہ آج ہم پاکستان کی تاریخ کا سیاہ دن یاد کرنے کیلئے اکٹھے ہوئے ہیں اور احتجاج کرتے ہیں کہ اقوام متحدہ اور دوسرے نام نہاد اداروں کو ایسی دہشت گردی نظر نہیں آتی لیکن ہم اپنے آنسوؤں کو کمزوری نہیں بلکہ طاقت بنائیں گے۔ انہوںنے کہاکہ ہم کبھی اپنے شہیدوں کو کبھی نہیں بھولیں گے۔ انہوںنے کہاکہ16دسمبر ہماری تاریخ کا تاریک دن ہے لیکن یہ لوگ مرے نہیں بلکہ زندہ اور ہمارے درمیان ہیں اور ہمارے درمیان رہیں گے۔

انہوںنے کہاکہ ن بچوں نے قوم کو ایک پلیٹ فارم پر اکٹھا کر دیا ہے تاہم اب زیادہ رول اساتذہ کو ادا کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہاکہ ہمیں فخر ہے کہ ہماری سکیورٹی فورسز نے ہمیشہ سینے پر گولی کھائی ہے ۔ انہوںنے کہاکہ 16دسمبر 1971ء کو ہی پاکستان دو لخت ہوا اور 2014ء میں اسی تاریخ کو ہی دشمن نے ہمارے بچوں پر حملہ کیا جبکہ اب تک ہمارے ہزاروں فوجی جوان اور پولیس اہلکار جان کی قربانیاں دے چکے ہیں اس لئے دشمن کے خلاف ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ اپنی صفوں میں دشمن کو تلا ش کریں اور فوراً سکیورٹی اداروں کو اطلاع کریں ۔

انہوںنے کہاکہ آرمی پبلک سکول کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیاجاسکتا جن کے خون نے قوم کودہشتگردی کے خلاف متحد کیا اورآج چار سال گزرنے کے باوجود ہم ان شہداء کو نہیں بھولے۔انہوں نے جذباتی انداز میں سانحہ پشاور کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ بدترین دہشتگردی کے اس واقعہ کا درد قوم کے ہر فرد نے شدت سے محسوس کیا جس کے بعد دہشتگردی کے خلاف جنگ میں سنجیدہ اورپختہ عزم ابھرنے سے اس چیلنج میں کامیابیاں حاصل ہورہی ہیں جو کہ شہید بچوں کے خون کا احسان ہے۔

انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت اور دہشتگردی کے خلاف پیغام کو اجاگر کرنے کیلئے پیش کردہ تقریب کے کامیاب انعقاد کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آرمی پبلک سکول کے شہداء ہمارے ہیرو ہیں اور قوم کو ان پر فخر ہے جن کا قیمتی خون رائیگاں نہیں جائے گا اورپاکستان دہشتگردی کے خلاف جنگ میں کامیابی حاصل کرے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں