ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر سے ڈنمارک کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن بنیٹ شائلر کی سربراہی میں وفد کی ملاقات

منگل 15 جنوری 2019 23:43

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر سے ڈنمارک کی ڈپٹی ہیڈ آف مشن بنیٹ شائلر کی سربراہی میں وفد نے ان کے آفس میں ملاقات کی جس میں ڈائریکٹر ریسورسز ڈویلپمنٹ کنسلٹنٹ اُلرک نیٹرسٹروم اور انوسمنٹ ڈائریکٹر ڈانیڈابزنس فناس رینا سٹینڈرسیپرو شامل تھیں جبکہ ایم ڈی واسا چوہدری فقیر محمد اوردیگر افسران بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے ڈینش وفد کا خیر مقدم کرتے ہوئے انہیں ضلع کے جغرافیائی وصنعتی پہلوئوں سے آگاہ کیا۔انہوں نے حکومت پنجاب اورڈنمارک حکومت کے اشتراک سے فیصل آباد میں 15، ارب روپے کی لاگت سے ملت روڈ پر مدھوآنہ ڈرین پر ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کا منصوبہ خوش آئند اقدام ہے جس پر عملدرآمد کے سلسلے میں ضلعی انتظامیہ کی طرف سے مکمل معاونت فراہم کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ انڈسٹریل ویسٹ واٹر کی ٹریٹمنٹ وقت کا اہم تقاضا ہے جس کی بدولت ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے اور گندے پانی کو قابل استعمال بنا کر پانی کی قلت پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ڈپٹی کمشنر نے وفد کی ضلع میں تعلیم وصحت کے شعبوں کی بہتری کے لئے کئے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے ماحولیات،فیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی،پارکنگ کمپنی،پی ایچ اے،فوڈ اتھارٹی اور دیگر اداروں کی کارکردگی اور فیصل آباد ماسٹر پلان کے اہم نکات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ واسا کے زیراہتمام شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کے ساتھ عوامی بہبود کے دیگر متعدد منصوبے جاری ہیں۔ڈینش وفد نے بتایا کہ 150ایم جی ڈی ویسٹ واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کی مدد سے سوملین گیلن واٹر کو صاف کرکے آبپاشی کے قابل بنایا جائے گا۔انہوں نے معاونت پر ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر کا شکریہ اداکیا۔ایم ڈی واسا نے بتایا کہ صارفین کو بہتر انداز میں بنیادی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ماحول میں بہتری اورشہریوں کے لئے بہتر ماحول یقینی بنانے کے لئے کوشاں ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں