انسداد پولیو کی آئندہ مہم سے قبل تمام تر تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منگل 15 جنوری 2019 23:44

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جنوری2019ء) ضلع میں 21جنوری سے شروع ہونے والی انسداد پولیو کی آئندہ قومی مہم سے قبل تمام تر تیاریوں کو ہر لحاظ سے مکمل کیا جائے اور سابقہ مہم کی خامیوں وکمزوریوں کا ازالہ ہونا چاہیے۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) میاں آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ پولیو ایریڈکیشن کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹر محمد آصف شہزاد،ڈاکٹر بلال احمد،میڈیکل سپرنٹنڈنٹس،ڈپٹی ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران،محکمہ تعلیم،سوشل ویلفیئر،پاپولیشن ویلفیئر لیبر،ٹرانسپورٹ،ٹریفک وپنجاب پولیس کے افسران،عالمی ادارہ صحت،انجمن تاجراں،پرائیویٹ سکولزالائنس،پختون آبادیوں کے نمائندے بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

صدراجلاس نے کہا کہ گزشتہ مہم کی رپورٹس کو سامنے رکھ کر آئندہ کے لئے ایسی حکمت عملی وضع کریں کہ کسی جگہ پانچ سال تک کی عمر کاکوئی بچہ حفاظتی ویکسین کے بغیر نہ رہے۔

انہوں نے مہم سے قبل تمام محکموں کو والدین کی آگاہی کے لئے سیمینارز منعقد کرکے رپورٹ فراہم کرنے کی تاکید کی اور کہا کہ قوم کے مستقبل کو موذی مرض سے بچانے کے لئے انسداد پولیو کا ہر رائونڈ اہمیت کا حامل ہے لہذا معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر نے بتایاکہ 21سے 25جنوری تک جاری رہنے والی مہم کے دوران پانچ سال تک کی عمر کی13لاکھ 70ہزار700بچوں کو حفاظتی قطرے پلانے کے لئے مجموعی طور پر 3234ٹیمیں ڈیوٹی پر مامور ہونگی۔انہوں نے بتایا کہ پولیو ٹیموںکی تربیت کا عمل مکمل ہوچکا ہے جبکہ دیگر ضروری انتظامات کو حتمی شکل دی جارہی ہے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں