قوم سیاسی تماشا دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے، حکومت اپنے اقدامات اور رویے سے عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے،جے آئی یوتھ فیصل آباد

بدھ 16 جنوری 2019 23:31

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 جنوری2019ء) جے آئی یوتھ کے ضلعی صدر راناعدنان خاں،جنرل سیکرٹری چوہدری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ قوم سیاسی تماشا دیکھنے کی بجائے اپنے مسائل کا حل چاہتی ہے۔ حکومت اپنے اقدامات اور رویے سے عوام کو مایوسی کی دلدل میں دھکیل رہی ہے۔ حکومت آنے والے ضمنی بجٹ میں قیمتوں میں اضافہ کرنے کی بجائے کمی کا اعلان کرے۔

اگر حکومت نے مزید قیمتیں بڑھائیں تو عوام برداشت نہیں کریں گے۔ عام آدمی کی قوت خرید کے ساتھ ساتھ قوت برداشت بھی ختم ہو گئی ہے۔ اب تک معاشی ڈاکومنٹیشن ہے نہ معیشت کی بہتری کا کوئی منصوبہ حکمرانوں کے پاس ہے۔ ٹیکسوں اور قیمتوں کو بڑھا کر لوگوں کا خون نچوڑنا معاشی منصوبہ بندی نہیں ظلم اور استحصال ہے۔

(جاری ہے)

موجودہ حکومت ابھی تک احتساب کو موثر بنانے میں ناکام رہی ہے احتساب اس وقت انقلاب کا ذریعہ بنے گا جب سب کو ایک ہی چھڑی سے ہانکا جائے گا۔

حکمران ہو یا کوئی وزیر مشیر، جب تک اپنے آپ کو احتساب سے بالاتر سمجھتے رہیں گے، احتساب پر اعتراضات اور تحفظات کا سلسلہ جاری رہے گا۔ حکومت کی چھ ما ہ کی کارکردگی پریشان کن ہے۔ سابقہ حکمرانوں کی طرح موجودہ حکمران بھی یہی سمجھتے ہیں کہ انہیں کوئی پوچھنے والا نہیں جس کی وجہ سے ملک آگے کی بجائے پیچھے جارہا ہے۔ حکومت سو روزہ پلان کی ناکامی کے بعد بھی ہوش میں نہیں آئی۔ عوام کے اندر مایوسی مسلسل بڑھتی جارہی ہے۔ چینی کی قیمت میں دن بدن اضافہ ہورہاہے۔ حکومت کا قیمتوں پر کوئی کنٹرول نہیں رہا۔ وزراء اب بھی یہی بیان دے رہے ہیں کہ انہوںنے سٹریٹجی بنالی ہے اب عوام بہت جلد تبدیلی دیکھیں گے مگر عملاً کچھ کرنے کو تیار نہیں ہیں۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں