جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں واٹر میٹرز کی تنصیب شروع، دوسرے مرحلہ میں ڈیڑھ لاکھ واٹر میٹرز لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا

واسا نے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں واٹر میٹرز کی تنصیب شروع کر دی،ابتدائی طور پر منتخب کردہ پائلٹ ایریاز میں واٹر میٹرز لگانے کے بعد دوسرے مرحلہ میں ڈیڑھ لاکھ واٹر میٹرز لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا،واسا نے مین ہولز کی تعداد بھی 80ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی،سیوریج پائپ لائنز کا حجم بھی 16ہزار رننگ فٹ سے بڑھا کر 19ہزار رننگ فٹ کر دیا گیا، منیجنگ ڈائریکٹر واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی

جمعرات 17 جنوری 2019 18:45

فیصلآباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 جنوری2019ء) واسا نے جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی کے تعاون سے فیصل آباد کے مختلف علاقوں میں واٹر میٹرز کی تنصیب شروع کر دی ہے جبکہ ابتدائی طور پر پہلے مرحلہ میں منتخب کردہ پائلٹ ایریاز میں واٹر میٹرز لگانے کے بعد دوسرے مرحلہ میں ڈیڑھ لاکھ واٹر میٹرز لگانے کا ہدف مکمل کیا جائے گا نیز واسا نے مین ہولز کی تعداد بھی 80ہزار سے بڑھا کر ایک لاکھ کر دی ہے اسی طرح شہریوں کی سہولت اور فراہمی و نکاسی آب کیلئے سیوریج پائپ لائنز کا حجم بھی 16ہزار رننگ فٹ سے بڑھا کر 19ہزار رننگ فٹ کر دیا گیا۔

واٹر اینڈ سینیٹیشن ایجنسی فیصل آباد کے منیجنگ ڈائریکٹر فقیر محمد چوہدری نے جمعرات کے روز اے پی پی سے بات چیت کے دوران بتایاکہ شہر بھر کی سیور لائنوں کی بھر پور مانیٹرنگ اور نگرانی جاری ہے لہٰذا اگر کسی جگہ پر کسی وجہ یا حادثہ کے باعث کوئی سیور لائن ڈیمیج ہوتی ہے تو اسے فوری طور پر تبدیل کر دیا جاتا ہے اور یہ عمل بوقت ضرورت سال بھر جاری رہتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ واسا شہریوں کی بے لوث خدمت کو اپنا شعار سمجھتا ہے۔انہوںنے بتایا کہ واسا کی سیور لائنوں کی ڈی سلٹنگ کا کام بھی ساتھ ہی ساتھ جاری ہے لیکن یہ امر انتہائی افسوسناک ہے کہ سیور لائنوں کی صفائی کے دوران ان سے مردہ جانور اور مین ہولز سے بھاری مقدار میں اینٹیں و دیگر ٹھوس سامان برآمد ہوا ہے جو سیور لائنوں میں پانی کے بہائو میں رکاوٹ کا باعث بنتا ہے جس سے شہریوں کے ساتھ ساتھ واسا کو بھی مشکلات درپیش آتی ہیں۔

انہوںنے کہاکہ جس علاقہ میں سیور لائنوں کی صفائی کی جا رہی ہے وہاں کے ارکان اسمبلی اور بلدیاتی ارکان کو بھی آگاہ رکھا جاتا ہے اور ان کی مشاورت کو ترجیح دی جا رہی ہے تاکہ ان کے علاقہ میں سیور لائنوں میں کوئی رکاوٹ درپیش نہ رہے۔انہوںنے بتایاکہ واسا حکام سے کہا گیا ہے کہ وہ ارکان اسمبلی اور بلدیاتی نمائندوں کے ہمراہ سائٹس کا وزٹ کریں تاکہ اگر کسی جگہ کوئی مشکل یا رکاوٹ درپیش آرہی ہے تو اسے فوری دور کیا جائے۔

انہوںنے بتایاکہ شہر بھر میںجاری سیور لائنوں کی صفائی کے دوران شہر سے گزرنے والی مختلف چینلز کو ہیوی مشینری کی مدد سے صاف کیا جا رہا ہے۔انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ مردہ جانور ، عمارات کا ملبہ ، کوڑا کرکٹ اور ضائع شدہ سا مان واسا کے مین ہولز اور سیور لائنوں میں پھینکنے سے گریز کریں تاکہ ان کی سیور لائنیں ڈسٹرب ہونے سے بچ سکیں اور پانی کے بہائو کا عمل جاری رکھا جا سکے۔

انہوںنے کہا کہ مالی مشکلات کے باوجود واسا تقریباً سارا سال لوگوں کو سیوریج کی بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے بھاری سرمایہ خرچ کر کے پورے شہر میں85ہزارسے ایک لاکھ تک مین ہو لز کی صفائی کے ساتھ ساتھ شہر سے گزرنے والی ڈرینز کی بھی ڈ ی سلٹنگ کرواتا ہے اور جہاں کہیں ضرورت پڑتی ہے مکینیکل ڈی سلٹنگ بھی کروائی جاتی ہے ۔انہوںنے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ بھی غیر ذ مہ دار عناصر پر نظر ر کھنے کے ساتھ ساتھ گٹروں اور چینلز میں کوڑا کرکٹ پھینکنے والوں کی نشان دہی کریں تاکہ ان کے خلاف قانونی کاروائی کرتے ہوئے ان کی حوصلہ شکنی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں