پیغام پاکستان کا متفقہ بیانیہ ملک میں امن وسلامتی کی ضمانت ہے، ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر

ہفتہ 19 جنوری 2019 22:36

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جنوری2019ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر نے کہا ہے کہ ’’ پیغام پاکستان ‘‘ کا متفقہ بیانیہ ملک میں امن وسلامتی کی ضمانت ہے جس پر قوم کی نمائندگی کرنے والا ہر فرد متفق ہے لہٰذا اسے صدق دل سے اپنی زندگیوں سے منسلک کرنا چاہئے تاکہ انتہا پسندی اور فرقہ واریت کا زہر پھیلانے کی کوشش کرنے والے اسلام و ملک دشمن عناصر کو مایوسی کے سوا کچھ نہ ملے ۔

انہوں نے یہ بات مرکزی علماء کونسل کے زیر اہتمام گرین ٹائون میں منعقدہ پیغام پاکستان سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ سی پی او اشفاق احمد خان‘ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی ‘ ڈپٹی سیکرٹری حافظ مقبول احمد ‘ ڈاکٹر قاری یاسین ظفر ‘ مولا محمد ریاض کھرل ‘ حافظ محمد امجد ‘ آغا فضل عباس جعفری ‘ مفتی حفظ الرحمن بنوری ‘ حافظ محمد طیب قاسمی ‘ میاں محمد طیب ایڈووکیٹ ‘ فضل حسین کالر ‘ مہر خالد ‘قاری عصمت الله ‘ مولانا عابد فاروقی ‘ مولانا یاسر علوی ‘ مولانا اعظم فاروق ‘ مولانا نعیم طلحہ ‘ عبدالقیوم نقشبندی ‘ مولانا قاسم عمار ‘ مولانا عامر اشرف ‘ مولانا ثاقب عزیز ‘ مولانا الطاف الله فاروقی ‘ قاری اسماعیل رحیمی ‘ مولانا قاسم فاروق ‘ عامر مقبول ودیگر کے علاوہ سول سوسائٹی کے افراد اس موقع پر موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے مرکزی علماء کونسل کی طرف سے متفقہ بیانیہ کے نکات کو عام کرنے کیلئے ’’پیغام پاکستان ‘‘سیمینار کے انعقاد کے سلسلے کو انتہائی خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس احسن اقدام سے ’’ پیغام پاکستان ‘‘ کے اصل مقاصد پورے ہونگے اور معاشرے میں قومی یکجہتی ‘ پیار و محبت ‘ امن و سلامتی اور ملی یگانگت کی فضا مزید مضبوط ہو گی ۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان کی بدولت امن کی راہیں ہموار ہوئی ہیں ۔ انہوںنے افواج پاکستان ‘ پیرا ملٹری فورسز ‘ پولیس اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروںکو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ ملک و قوم کی سلامتی اور قیام امن کیلئے جن کی بے شمار قربانیوں کے تناظر میں متفقہ بیانیہ منظور ہوا جو پائیدار بنیادوں کا متقاضی ہے تاکہ مذہبی ہم آہنگی ‘ روا داری اور شائستگی کا یہ ماحول قائم و دائم رہے ۔

انہوں نے کہا کہ پیغام پاکستان سے نئی نسل کی آشنائی کرنے کے لئے تعلیمی ادارں میں آگاہی سیمینارز منعقد کئے جائیں گے ۔ سی پی او اشفاق احمد خان نے کہا کہ تمام مکاتب فکر کے جید علماء کرام کی مشاورت سے متفقہ بیانیہ ’’ پیغام پاکستان ‘‘ کی تشکیل ایک بہت بڑا کارنامہ ہے جس سے ہمارے مابین نفاق پیدا کرنے والوں کو شکست ہوئی ہے ۔ انہوں نے پیغام پاکستان کے مؤلفین کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن سے ترقی ممکن ہے اور پیغام پاکستان کو گلی محلوں تک پہنچانے سے پائیدار امن و سکون قائم ہو گا ۔

انہوں نے مرکزی علماء کونسل سمیت تمام مکاتب فکر کے علماء کرام کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ ان کی کوششوں و فعال کردار سے باہمی اتحاد و اتفاق کی فضاء مضبوط ہوئی ہے ۔ چیئرمین مرکزی علماء کونسل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے متفقہ بیانیہ کی حتمی تشکیل کے مختلف پہلوئوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ 1973ء کے آئین کے بعد ملک میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو مضبوط اور مستقل بنیاد فراہم کرنے کے لئے ’’ پیغام پاکستان ‘‘ کی تشکیل بہت بڑی کامیابی ہے جو اٹھارہ سو سے زائد جید علماء کرام کی مشاورت و اتفاق سے وجود میں آیا جس سے قرآن و سنت ‘ شریعت و فقہ کے مطابق اسلام کا حقیقی تشخیص اجاگر کیا گیا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ ’’ پیغام پاکستان ‘‘ کے ثمرات کے فروغ کے لئے مرکزی علما کونسل اپنا بھر پور کردار ادا کرتی رہے گی ۔ ڈاکٹر قاری یاسین ظفر نے کہا کہ پاکستان الله تعالی کا عظیم تحفہ ہے جو دین اسلام کے مطابق آزادی اور سکون سے زندگی بسر کرنے کے نصب العین کے تحت معرض وجود میں آیا جسکی سلامتی پر آنچ نہیں آنی چاہئے اس مقصد کے لئے پیغام پاکستان امن و سلامتی کو مضبوط بنیاد فراہم کرنا ہے جس کے بعد دہشت گردی کا خاتمہ ہوا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ اس مثبت انداز فکر کو پروان چڑھانے کے لئے پیغام پاکستان کو تعلیمی اداروں تک پہنچایا جائے ۔ پیغام پاکستان سیمینار سے مولانا محمد ریاض کھرل ‘ آغا فضل عباس جعفری ‘حافظ مقبول احمد ‘حافظ محمد امجد و دیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پیغام پاکستان مخالف قوتوں کو واضح کرنا ہے کہ وہ پاکستان کو کمزور نہیں کر سکتے ۔ انہوںنے کہا کہ علماء کرام اپنی ذمہ داریوں کو احسن انداز میں ادا کر رہے ہیں اور اب کسی کو مذہبی روا داری میں رخنہ اندازی پیدا کرنے کی جرات نہیں ہوگی ۔ آخر میں پیغام پاکستان کی کامیابی‘ ملک و ملت کی ترقی و خوشحالی ‘قومی یکجہتی اور امن و سلامتی کی خصوصی دعا کی گئی ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں