ایوب ریسرچ کے زرعی سائنسدانوں کی کاوش کا ثمر ، کسانوںکو معیاری بیج کی فراہمی کیلئے سیڈ نیلامی سسٹم کے تحت نئے تیار کردہ ٹماٹر کپاس اور ،مکئی کے بیجوں کی نیلامی

بدھ 23 جنوری 2019 18:53

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 جنوری2019ء) : ایوب ریسرچ کے زرعی سائنسدانوں کی کاوش کے ثمر کی بدولت ایوب ریسرچ کے تیار کردہ بیجوں کو عام کسانوں تک بر وقت اور آسان منتقلی کے لیے سیڈ نیلامی سسٹم کا آغاز کر دیا گیا ہے۔ اس سسٹم کے تحت نئے تیار کردہ ٹماٹر ، کپاس اور مکئی کے بیجوں کی نیلامی کرائی گئی۔جِس میں رجسٹرڈ شدہ مختلف پرائیوٹ سیڈ کمپنیوں نے بھر پور شرکت کی ۔

اِس نیلامی کا مقصد یہ ہے کہ ادارہ ہذا کی تحقیق کو عام کسانوں تک پہنچایا جائے اور کسانوں کو خالص سیڈ کی فراہمی ممکن بنائی جاسکے۔جن پرائیویٹ کمپنیوں نے یہ تیار کردہ بیج بذریعہ نیلامی خریدے ہیں وہ اِن بیجوں سے سرٹیفائیڈ سیڈ تیار کرکے کسانوں کو فراہم کریں گے تاکہ کسان معیاری اور تصدیق شدہ بیج مکمل گارنٹی کے ساتھ حاصل کرسکیں۔

(جاری ہے)

کسان اِن بیجوں کو متعلقہ سیڈ کمپنی سے خرید کر کاشت کرسکیں گے اور اِن فصلوں کی موثر غذائی افادیت اور بہتر پیداواری صلاحیت کے باعث اپنا معیار زندگی بلند کرسکیں گے۔

نیلامی کے موقع پر ایوب ریسرچ کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر عابد محمود نے صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ایوب زرعی تحقیقاتی ادارہ زراعت کے شعبہ میں گراں قدر خدمات سرانجام دے رہا ہے اور سائنسدان دن رات تحقیق کے عمل میں کوشاں ہیں تاکہ مختلف فصلوں کے نئے نئے بیج تیار کرکے ملک و قوم کی خدمت کرسکیں۔حکومت نے سائنسدانوں کی حوصلہ آفزائی کے لئے پلانٹ بریڈنگ ایکٹ پاس کیا ہے جسے زمینداروں اور ایوب ریسرچ کے سائنسدان طبقے نے بہت سراہاہے اور تحقیقی عمل کو مزید لگن اور جان فشانی سے جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کیا ہے کیونکہ سر ٹیفائیڈ بیج عام کسانوں کو دینے سے ان کی فی ایکٹر پیداوار میں اضافہ ہو گا اور فی کس آمدنی بھی بڑھے گی جس سے ملکی برآمدات میں اضافہ ہو گا اور ملکی معیشت بھی مستحکم ہو گی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں