فیصل آباد،دنیا میں ساڑھے سات ارب انسانوں کے مقابلے میں 3کھرب درخت موجود ہیں ،پروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا

آبادی کے لحاظ سے برازیل میں فی کس 1494‘ کینیڈا 9ہزار ‘ چین 102 ، بھارت میں 28جبکہ پاکستان میں صرف پانچ درخت فی کس دستیاب ہیں، وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی فیصل آباد

جمعہ 22 فروری 2019 19:56

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 فروری2019ء) دنیا میں ساڑھے سات ارب انسانوں کے مقابلے میں 3کھرب درخت موجود ہیں جبکہ آئندہ برسوں میں بڑھتی ہوئی انسانی آبادی کی آکسیجن ضروریات کو اسی صورت میں پورا کیا جا سکتا ہے جب معاشرے کا ہرفرد نہ صرف اپنے بلکہ اپنے پیاروں کے نام سے درخت لگانے کا فریضہ ذمہ داری سے ادا کرے۔ یہ باتیں زرعی یونیورسٹی فیصل آباد کے وائس چانسلرپروفیسرڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے گارڈننگ برانچ اسٹیٹ مینجمنٹ ڈیپارٹمنٹ ‘ شعبہ فارسٹری اور مورنگاکی روح رواں ٹیم کے اشتراک سے موسم بہار کی شجرکاری مہم کا افتتاح کرتے ہوئے کہیں۔

پرنسپل آفیسراسٹیٹ مینجمنٹ ڈاکٹر لئیق اکبر لودھی‘ ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا‘ ڈین سائنسزڈاکٹر محمد اصغر باجوہ‘ ڈاکٹر سجاد احمد خاں‘ ڈے ایس اے ڈاکٹر شہباز طالب ساہی‘ ڈاکٹر آصف تنویر‘ ڈائریکٹر گریجوایٹ سٹڈیز ڈاکٹر عبدالخالق‘ ڈائریکٹر پروکیورمنٹ عمرسعید قادری‘ ڈائریکٹر فارمز ڈاکٹر شاہد افضال گل اور دیگر ذمہ داران کے ہمراہ مرکزی جامع مسجد کے عقب میں کافور کا پودا لگاتے ہوئے ڈاکٹر ظفر اقبال رندھاوا نے بتایا کہ آبادی کے لحاظ سے برازیل میں فی کس 1494‘ کینیڈا 9ہزار ‘ چین 102 جبکہ بھارت میں 28درخت موجود ہیں لیکن اس کے مقابلے میں پاکستان میں صرف پانچ درخت فی کس دستیاب ہیں جن میں اضافہ کیلئے ہمیں اجتماعی و انفرادی جگہ پر کاوشیں بروئے کارلانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کے پاس 27ہزار سے زائدپرعزم نوجوان اور تین ہزار سے زائد اساتذہ و معاون سٹاف کے اراکین موجود ہے جو جامعہ کی سطح پر زیادہ سے زیادہ شجرکاری کو یقینی بنانے کیلئے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی قیادت میں بلین ٹری سونامی میں کامیابی کے بعد پلانٹ فار پاکستان اور کلین گرین پاکستان مہم میں آئندہ پانچ برسوں کے دوران اربوں درخت لگائے جائیں گے جس سے موسمیاتی تبدیلیوں کے چیلنجز سے عہدہ برآ ہونے کیلئے غیرمعمولی مدد ملے گی۔

انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کی حد تک ہم میں سے ہر کسی کو رضاکارانہ طو رپر نئے درخت لگانے کواپنا اولین فریضہ قرار دیتے ہوئے اپنے بچوں میں بھی اس نیک کام کا شوق اجاگر کرنا چاہئے۔ اس موقع پر شرکاء سے خطاب میں ڈاکٹر شہزاد مقصود بسرا نے کہاکہ پاکستان میں فی کس درختوں کی تعداد دنیا کے دوسرے ممالک کے مقابلے میں تشویشناک حد تک بہت کم ہے لہٰذا ہمیں حکومت کے پلانٹ فار پاکستان پروگرام اور کلین گرین مہم کو کامیابی سے ہمکنار کرنے کیلئے اپنے ساتھ ساتھ فوت شدہ بزرگوں اور پیاروں کے نام پر بھی درخت لگانے چاہئیں تاکہ ان سے محبت کا اظہار صدقہ جاریہ کی صورت میں کر سکیں۔

اس موقع پر انچارج گارڈننگ برانچ ڈاکٹر رائے محمد آصف بتایا کہ موسم بہار کی شجرکاری کے دوران کیمپس پر ہزاروں درخت لگائے جائیں گے جن میں لوکاٹ‘ المتاس‘ کچنار‘ گولڈ مور یا گل مہر‘ بکائن ‘ نیم‘ جامن‘ گل نشتر‘ شہتوت‘ آم‘ شیشم اور بادام کے پودے شامل ہونگے۔ اس موقع پر کلیہ جات کے تمام ڈینز نے اپنے نام سے پودے لگا کر شجرکاری مہم کاآغاز کیا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں