,فیصل آباد، شہریوں کے ریلیف کے لئے صفائی کے نظام کو جدت کے ساتھ مستقل بنیادوں پر متحرک اور فعال رکھا جائے گا،حافظ ممتاز احمد

جمعہ 22 مارچ 2019 23:48

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) صوبائی وزیرایکسائز اینڈ ٹیکسیشن /انچارج مانیٹرنگ ہفتہ صفائی حافظ ممتاز احمد نے کہا ہے کہ شہریوں کے ریلیف کے لئے صفائی کے نظام کو جدت کے ساتھ مستقل بنیادوں پر متحرک اور فعال رکھا جائے گا کیونکہ ماحول کو صاف ستھرا رکھنا وزیراعظم عمران خان کی اولین ترجیح ہے اور ان کے ویژن کے مطابق شہروں کو صاف رکھنے کے لئے ہمہ جہت اقدامات کئے جارہے ہیں جن میں شجرکاری کو بھی دائمی حیثیت حاصل ہے ۔

انہوں نے یہ بات مختلف علاقوں میں ہفتہ صفائی کے سلسلے میں جاری مہم پر عملدرآمد کا معائنہ کرتے ہوئے کہی۔فوکل پرسن ہفتہ صفائی مہم/ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو طارق نیازی،سی ای اوفیصل آباد ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کاشف رضا اعوان،چیف مینجر آپریشن کرنل عماد اقبال گل اوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

صوبائی و زیر کلیم شہید کالونی،چوہڑماجرہ،عوامی کالونی اور غلام محمد آباد کے گلی محلوں میں گئے اور وہاں پر صفائی کی صورتحال کاجائزہ لیا۔

انہوں نے کہا کہ ہفتہ صفائی منانے کا مقصد کوڑا کرکٹ ،گندگی اور کچرے کے ڈھیروں کا صفایا کرکے ماحول میں نکھار پیدا کرنا ہے اور ایسی خوشگوار صورتحال مستقل بنیادوں پر برقرار رکھی جائے اور مستقبل میں صفائی کے نظام میں روز بروز بہتری آنی چاہیے کیونکہ دیگر انتظامی،اصلاحی ترقیاتی اقدامات کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی تحفظ اور صفائی کا معیار مزید بہتر بناکر نئے پاکستان کی منزل حاصل کریں گے۔

انہوں نے صفائی اورکوڑا کرکٹ اٹھانے میں مشغول سٹاف کو شاباش دی اور کہا کہ ان کی محنت اور جذبے سے ہفتہ صفائی کو کامیاب بنایا جارہا ہے جس سے صفائی کے نظام پر نہ صرف عوام کا اعتماد مضبوط بلکہ ادارے کی نیک نامی اور گلی محلوں میں اجلا پن نظر آئے گا جو کہ موجودہ حکومت کا مشن ہے ۔صوبائی وزیر نے ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے افسران سے کہا کہ وہ صفائی کے نظام کی کڑی نگرانی جاری رکھیں کیونکہ صفائی کوئی وقتی عمل نہیں بلکہ ایک مستقل فعل ہے جس کے لئے متعلقہ اداروں کی طرف سے ذمہ داریاں با احسن طریقے سے نبھانا ہونگی ۔

انہوں نے کہا کہ صفائی مہم میں شہریوں کی آگاہی کے لئے بھی موثر پروگرام جاری رکھے جائیں کیونکہ اس نظام پر منظم انداز میں عملدرآمد کرنے کے لئے کمیونٹی کا تعاون بے حد ضروری ہے جن میں یہ احساس اجاگر رہنا چاہیے کہ کوڑا کرکٹ کچرا سڑکوں گلی محلوں،پارکوں،سیوریج سسٹم میں نہ پھینکا جائے اور کوشش کی جائے کہ کوڑا کرکٹ کم سے کم پیدا ہو۔انہوں نے ہدایت کی کہ صفائی کے لئے گلی محلوں کے تمام کونوں تک رسائی حاصل کی جائے اور خصوصی طور پر تعلیمی اداروں،ہسپتالوں،مراکز صحت اور دیگر عوامی جگہوں پر کوڑا کچرا نظر نہ آئے۔

انہوں نے کہا کہ صفائی کے معیار میں مثالی بہتری لانے کے لئے واسا،پی ایچ اے،میونسپل کارپوریشن اوردیگر متعلقہ محکموں سے مکمل کوآرڈینیشن ہونی چاہیے تاکہ کسی جگہ درختوں کی کانٹ چھانٹ کی باقیات،سیوریج،عمارتی ملبہ سے بدنمائی پیدا نہ ہو۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں