فیصل آباد،حکومت پنجاب کی کلین اینڈ گرین اور ہفتہ صفائی مہم کے سلسلے میں اولڈ ایج ہوم(عافیت) میں آگاہی سیمینار

جمعہ 22 مارچ 2019 23:48

ؒفیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 22 مارچ2019ء) حکومت پنجاب کی کلین اینڈ گرین اور ہفتہ صفائی مہم کے سلسلے میں اولڈ ایج ہوم(عافیت) میں آگاہی سیمینار منعقد ہوا جس میں انچارج اولڈ ایج ہوم زاہدہ ناز کے علاوہ مقامی این جی او کی پروگرام مینجر میڈم شہلا اور کوآرڈینیٹر مس نائلہ نے شرکت کی جبکہ سیمینار میں ادارہ میں مقیم برزگ شہری بھی موجود تھے۔

انچارج اولڈ ایج ہوم نے کہا کہ حکومت پنجاب کی ہدایات پر کلین اینڈ گرین پروگرام پر اس کی روح کے عین مطابق عملدرآمد جاری ہے جس میں بزرگ شہری بھی دلچسپی سے شریک ہیں اور دستیاب جگہوں پر مختلف انواع کے پودے لگانے کے علاوہ صاف ستھرا ماحول بھی ہمہ وقت برقرار رکھا جا رہا ہے ۔انہوں نے سیمینار میں خصوصی شرکت پر این جی اوز کی عہدیداران کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ ان کی شرکت سے برزگ شہریوں کو صفائی اور شجرکاری کی اہمیت سے مزید آگاہی ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

مقامی این جی او کی پروگرام مینجر اور کوآرڈینیٹر نے بزرگ شہریوں کو صاف ستھرے ماحول اور ہاتھ دھونے کے فوائد سے آگاہ کیا ۔انہوں نے اولڈ ایج ہوم میں صفائی کے عمدہ انتظامات کی بھی تعریف کی۔سیمینارکے دوران یوم پاکستان کی یاد تازہ کرتے ہوئے شرکاء سے ملی نغمے وترانے بھی پڑھے۔اس موقع پر قیام پاکستان کے لئے جدوجہد کرنے والوں کو سلام پیش اور وطن عزیز کی ترقی وخوشحالی،امن وسلامتی کی خصوصی دعا بھی کی گئی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں