ّسستے رمضان بازاروں کے موثرانعقاد کیلئے تمام انتظامات تیزی سے مکمل کریں،سیف اللہ ڈوگر

ماہ صیام کے دوران صارفین کو مختلف اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں 19سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

بدھ 24 اپریل 2019 22:57

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 24 اپریل2019ء)ڈپٹی کمشنرسردار سیف اللہ ڈوگر نے ہدایت کی ہے کہ سستے رمضان بازاروں کے منظم اور موثرانعقاد کے لئے تمام تر جملہ انتظامات تیزرفتاری سے مکمل کریں اس ضمن میں صارفین کی سہولیات کا خصوصی خیال رکھا جائے۔انہوں نے یہ ہدایت شہر کے مختلف رمضان بازاروں کے مقامات کا دورہ کرکے درکارانتظامات کاجائزہ لیتے ہوئے جاری کی۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (ریونیو)طارق خاں نیازی،اسسٹنٹ کمشنر (سٹی) شمائلہ منظور،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیراحمد،ڈی او انڈسٹریز خالد محموداوردیگرافسران بھی موجود تھے ۔ڈپٹی کمشنر فیضان مدینہ سوساں روڈ اوررمضان بازاروں کے دیگرمجوزہ مقامات پر گئے اوروہاں ضروری مرمت وبحالی،رنگ وروغن سمیت دیگر انتظامات کا تفصیلی جائزہ لیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے متعلقہ محکموں سے کہاکہ رمضان بازاروں کے کامیاب انعقاد کے لئے محکمانہ فرائض جامع انداز میں انجام دئیے جائیں اور موثرحکمت عملی کے تحت تمام تر مطلوبہ وسائل کو یکجا کریں۔انہوں نے رمضان بازاروں میں اشیائے ضروریہ کے سٹالز کی ترتیب،صفائی ستھرائی کے معیار،سیکورٹی کے بہترین انتظامات کے ساتھ ساتھ دیگر درکار ضروریات کو بھی پیشگی بنیادوں پر مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ ماہ صیام کے دوران صارفین کو مختلف اشیائے ضروریہ ارزاں نرخوں پر فراہم کرنے کے لئے ضلع بھر میں 19سستے رمضان بازار لگائے جائیں گے جن میں پھلوںِ،سبزیوں ودیگر کچن آئٹمز کی بلاتعطل سپلائی کے لئے لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔ڈپٹی کمشنر نے اس عزم کا اظہار کیارمضان بازاروں کوصارفین کے لئے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے کیلئے تمام ترانتظامات کو جامع انداز میں مکمل کیا جارہا ہے۔انہوں نے بتایا کہ ہر رمضان بازار کے لئے انچارج آفیسر مقرر کرکے دیگر امدادی سٹاف کی ڈیوٹیز لگادی گئیں ہیں تاکہ مربوط حکمت عملی کے تحت ماہ صیام کا یہ اہم فریضہ احسن انداز میں انجام دیا جاسکے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں