حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میںمریضوں کو طبی سہولیات کی فراہمی کے وسیع منصوبوں پر عمل پیرا ہے،حافظ ممتاز احمد

پیر 20 مئی 2019 18:28

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 مئی2019ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمدنے کہا ہے کہ سرکاری ہسپتالوں اور بنیادی مراکز صحت میں مریضوں کی دیکھ بھال اور علاج معالجہ پر ذمہ دارانہ توجہ ہونی چاہئے اس ضمن میں حکومت کے وسیع تر طبی اقدامات کے ثمرات مریضوں تک پہچانے کے لئے پورے جذبے اور عزم کے ساتھ فرائض انجام دئیے جائیں۔

انہوں نے یہ بات گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے دورہ کے دوران مختلف انتظامی و طبی امور پر عملدرآمد کا جائزہ لیتے ہوئے کہی۔ ٹکٹ ہولڈر پاکستان تحریک انصاف سعد الله بلوچ بھی ان کے ہمراہ تھے۔اسسٹنٹ کمشنر سٹی شمائلہ منظور اور بعض شعبوں کے ڈاکٹرز بھی موجود تھے۔صوبائی وزیرمختلف وارڈز میں گئے اور مریضوں کی عیادت کرتے ہوئے ان سے علاج معالجہ کی سہولتوں کے بارے میں دریافت کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب سرکاری ہسپتالوں میںمریضوں کو طبی وتشخیصی سہولیات کی فراہمی کے وسیع منصوبوں پر عمل پیرا ہے جن کے فوائد مریضوں اور ان کے لواحقین تک پہچانے کے لئے تمام تر نظم و نسق کی تسلسل کے ساتھ مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔انہوںنے مختلف ڈیپارٹمنٹس کا گہری توجہ سے معائنہ کرتے ہوئے ہسپتال انتظامیہ کو ہدایت کی کہ مشینری کی بہتر دیکھ بھال اور تحفظ کویقینی بنائیں اور تشخیصی سہولیات تک ہر مریض کی رسائی ہونی چاہیے تاکہ دیگر بڑے سرکاری ہسپتالوں پرمریضوں کابوجھ نہ پڑے۔

انہوں نے کہا کہ مریضوں کی آسانی کا خصوصی خیال رکھیں اور رات کے اوقات میںمختلف بیماریوں کے ٹیسٹ کے لئے عملہ کی ڈیوٹی میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔انہوں نے ادویات کے سٹور کامعائنہ کرنے کے علاوہ شعبہ آئوٹ ڈور پر مریضوں اور ان کے لواحقین سے بھی ملاقات کی اور انہیں آسان انداز میں طبی سہولیات کی فراہمی کایقین دلایا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں