غریب ملازمین کے بچوں کو دور جدید کی اہم ضرورت انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپیوٹر سائنس کی مفت تعلیم دیئے جانے پر سی بی اے یونین کی قیادت لائق تحسین ہے، چیف ایگزیکٹو فیسکو

منگل 21 مئی 2019 22:09

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 مئی2019ء) چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ نے کہا ہے کہ غریب ملازمین کے بچوں کو دور جدید کی اہم ضرورت انفارمیشن ٹیکنالوجی کمپیوٹر سائنس کی مفت تعلیم دیئے جانے پر سی بی اے یونین کی قیادت لائق تحسین ہے ۔آئی ٹی کی تعلیم کے بغیر ترقی کا تصور بھی ممکن نہیں ٹیکنالوجی کی تعلیم ہی اصل میں طاقتور پاکستان کی ضمانت ہے تعلیمی معیار اور شرح خواندگی بڑھے گی تو پاکستان ترقی کرے گا اِن خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان واپڈاہائیڈروالیکٹرک ورکرز یونین کی طرف سے دیئے گئے افطار ڈنر کے موقع پر 6ماہ دورانیہ کے مفت کمپیوٹر کورس کی تکمیل پر تقریب تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انھوں نے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف پیشہ وارانہ فنون کی تربیت فراہم کرنے والے ادارے معاشرے کی گراں قدر خدمت کر رہے ہیں کیونکہ معاشی مشکلات کے اس دور میں نوجوانوں کو ہنر مند بنا کر بیروزگاری کے مسئلے پر قابو پایا جاسکتاہے ۔

(جاری ہے)

انھوں نے مزید کہا کہ وہ ان خوش نصیب طالب علموں بالخصوص بچیوں کود ل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوں جنہوں نے انتہائی لگن سے اپنی تربیت کے تمام مراحل طے کرکے کامیابی حاصل کی اور وہ عملی زندگی میں قدم رکھ کراپنی اس ٹریننگ کوبروئے کار لاکر معاشرے کاکارآمد حصہ بنیں گے اور باعزت روزگار سے اپنے خاندانوں کی مالی معاونت کرسکیں گے۔

اس موقع پر واپڈا ہائیڈرو لیبر یونین کے مرکزی جنرل سیکرٹری خورشیداحمد نے اپنے خطاب میں کہا کہ بختیار لیبر ہال میں قائم کمپیوٹر کی تعلیم کا یہ ادارہ 1997سے قائم ہے اور ملازمین کے بچوں کو مفت آئی ٹی کی تعلیم فراہم کر رہا ہے۔ بعدازاں چیف ایگزیکٹو نے کمپیوٹر کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے طلباء و طالبات میں سرٹیفکیٹس بھی تقسیم کئے۔ اس موقع پر ڈی جی ایچ آر بحرکرم، چیف کمرشل آفیسر نذیراحمد سومرو، چیف انجنئیر آپریشن رانا محمد سلیم، چیف فنانشل آفیسرنذیراحمد، فیسکو کے دیگر افسران ، ملازمین اور یونین عہدیداران کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں