رمضان المبارک کا تیسرا ا جمعہ کل ادا کیا گیا ، پورے ماہ صیام کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کی ہدایت

جمعہ 24 مئی 2019 15:08

فیصل آباد۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 مئی2019ء) ملک بھر میں کل 18ویں روزے کے موقع پر تیسر اجمعہ ادا کیا گیا۔ فرزندان توحید نے مکمل خشوع و خضوع کے ساتھ نماز جمعہ کی ادائیگی کی جبکہ اس موقع پر تمام مساجد میں بڑے بڑے اجتماعات منعقد کئے گئے جن میں بڑی تعداد میں اہلیان وطن شریک ہوکر رمضان المبارک کی مقدس ساعتوں کی فیوض و برکات سے مستفید ہو ئے اور ملک و قوم کی خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعائیں بھی کی گئیں۔

فیصل آباد ڈویژنل پولیس کے ذرائع نے بتا یا کہ حکومت پنجاب کی خصوصی ہدایا ت کی روشنی میں آئی جی پولیس پنجاب نے سی سی پی او، ریجنل پولیس آفیسرز ، سٹی پولیس آفیسرز ،رینج ڈی آئی جیز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر ز کے نام جاری مراسلہ میں کہا ہے کہ سحر ، افطار ، نماز تراویح سمیت تمام نمازوں کے اوقات میں مساجد پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار تعینات کئے جائیں اور مساجد کے ایک سے زائد گیٹس بند کر کے آمد و رفت کیلئے ایک ہی راستہ استعمال کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتا یا کہ پولیس حکام کو کہا گیا ہے کہ وہ امن کمیٹیوں اور جامع مساجد کے خطیبوں اور دیگر عبادت گاہوں کی انتظامیہ کی مشاورت سے نمازیوں کی سکیورٹی کا ایسانظام وضع کریں جس میں کسی کوتاہی کا احتمال نہ رہے۔ انہوںنے بتا یا کہ رمضان المبارک کے دوران پولیس قومی رضا کاروں اور ریٹائرڈ فوجیوں کی خدمات سے بھی استفادہ کیا جارہاہے نیز تمام پولیس افسران نمازوں کے اوقات کے دوران سکیورٹی کی صورت حال چیک کرنے کیلئے اچانک وزٹ کررہے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ دوران ڈیوٹی فرائض میں غفلت برتنے والوں کو معطل کر دیا جائے گا۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں