ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس کا انعقاد

ہفتہ 15 جون 2019 23:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 جون2019ء) : ڈسٹرکٹ کوارڈینیشن کمیٹی کا اجلاس ڈی سی آفس میں منعقد ہوا جس کی صدارت ایم این اے فیض الله کموکا نے کی ۔ ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر اور سی پی او اظہر اکرم نے ارکان اسمبلی کو ترقیاتی منصوبوں کی پیش رفت اور امن و امان کی مجموعی صورتحال سے آگاہ کیا۔اجلاس میں صوبائی وزیر سماجی بہبود محمداجمل چیمہ ‘ ارکان قومی و صوبائی اسمبلی نواب شیروسیر ‘ میاں فرخ حبیب ‘ راجہ ریاض احمد خاں ‘ شیخ خرم شہزاد ‘ شکیل شاہد ‘ لطیف نذر ‘ عادل پرویز گجر ‘ میاں وارث عزیز ‘ میاں خیال احمد کاسترو کے علاوہ دیگر ارکان اسمبلی کے نمائندوں نے شرکت کی ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (فنانس) عاصمہ اعجاز چیمہ ‘ چیف ٹریفک آفیسر آصف ظفر چیمہ ‘ ڈائریکٹر جنرل ایف ڈی اے عامر عزیز ‘ ڈی جی پی ایچ اے آصف چوہدری ‘ سی ای او ہیلتھ و ایجوکیشن ڈاکٹر مشتاق احمد سپرا ‘ علی احمد سیان ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید ‘ ایم ڈی واسا فقیر محمد چوہدری ‘ چیف آفیسر ضلع کونسل نعیم الله وڑائچ‘ ایڈیشنل ڈائریکٹر لائیو سٹاک ڈاکٹر عطا سبحانی ‘ فیسکو ‘ سوئی گیس ‘ پبلک ہیلتھ انجینئرنگ ‘ ہائی ویز ‘ روڈز اور دیگر محکموں کے افسران بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے ارکان اسمبلی کو ضلع میں نیا پاکستان منزلیں آسان‘حکومت پنجاب کے کمیونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام ‘ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام ‘پائیدار ترقی کے مقاصد ( ایس ڈی جیز ) پروگرام پر عملدرآمد کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔ انہوں نے بتایا کہ نیاپاکستان منزلیں آسان پروگرام کے تحت رورل ایریاز میں 30کروڑ روپے سے پانچ سکیمیں مکمل کی جارہی ہیں اسی طرح کیمونٹی ڈویلپمنٹ پروگرام کے سلسلے میں ایک ارب روپے کی لاگت سے لوکل گورنمنٹ ‘ روڈز ‘ واسا اور پبلک ہیلتھ انجینئرنگ کی 116سکیموں کا 72 فیصد تعمیراتی کام مکمل ہو چکا ہے ۔

انہوں نے بتایا کہ صوبائی سالانہ ترقیاتی پروگرام 2018-19 ء میں مختلف سیکٹرز کی 343 سکیموں میں سے 144 مکمل ہو چکی ہیں جبکہ بقیہ پر کام جاری ہے۔ ڈپٹی کمشنر نے بتایا کہ قومی حلقوں میں 15-15 کروڑ روپے کے فنڈز سے سکیمیں فائنل کی جارہی ہیں جن پر فنڈز جاری ہونے کے بعد عملدرآمد شروع ہو جائے گا ۔ انہوںنے بتایا کہ ترقیاتی منصوبوں کو مقررہ مدت میں مکمل کرانے کے لئے متعلقہ محکموں کومتحرک جبکہ مانیٹرنگ کے کڑے نظام پر عملدرآمد کیاجارہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوامی ضرورت کی سکیموں پر عملدرآمد کے لئے ارکان اسمبلی کی معاونت و مشاورت ترجیحات میں شامل ہے۔ انہوں نے ضلع کی مجموعی تعمیر و ترقی کے حوالے سے ارکان اسمبلی کی تجاویز کا خیر مقدم کرتے ہوئے نشاندہی کئے گئے بعض مسائل کے حل کے لئے متعلقہ محکموں کے افسران کو ہدایات جاری کیں ۔ سی پی او نے امن و امان کی مجموعی صورتحال پر بریفنگ دیتے ہوئے جرائم پر قابو پانے کے لئے ضلعی پولیس کی حکمت عملی سے آگاہ کیا ۔

انہوں نے کہا کہ عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے اقدامات کے سلسلے میں ارکان اسمبلی کی مشاورت اورتجاویز کا خیر مقدم کیا جارہا ہے ۔ اجلاس کے دوران ڈی جی ایف ڈی اے نے ماسٹر پلان کے اہم نکات پر روشنی ڈالی اور کہا کہ شہر کی تعمیر و ترقی کے لئے جدید دو سے مطابقت کے لئے ماسٹر پلان ناگزیر ہے جس کے لئے تمام سٹیک ہولڈرز سے مشاورت جاری ہے ۔ ایم ڈی واسا نے واٹر سپلائی سکیمز پرعملدرآمد اور بعض مسائل کی نشاندہی کی جبکہ سی او ضلع کونسل نے بجٹ اور سکیموں کی پیش رفت سے آگاہ کیا ۔

ارکان اسمبلی نے عوامی فلاح و بہبود کے ترقیاتی منصوبوں کو تیز رفتاری سے مکمل کرنے کی ضرورت پر زور دیا اور کہا کہ تعمیراتی مراحل سے ارکان اسمبلی کو آگاہ رکھا جائے ۔ انہوںنے کہا کہ عوام کو ترقی کے ثمرات سے بلاتاخیر مستفید کرنے کے لئے مربوط اورجامع حکمت عملی کی ضرورت ہے۔ انہوں نے شہری ترقی کومدنظر رکھ کرایف ڈی اے کے ماسٹر پلان کی جامع تیاری ‘ قومی حلقوں کا سروے کرکے عوامی ضرورت کے منصوبے تجویز کرنے ‘ تفریحی سہولیات کو وسعت دینے ‘ رورل ایریاز کے ہسپتالوں کو مزید بہتر بنانے ‘ تحصیلوں کے لئے ماسٹر پلان تیار کرنے‘ واسا کی سروسز کے معیار میں اضافہ اورجرائم پر قابو پانے پر بھی زور دیا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں