لاہور ہائیکورٹ نے فیسکوکے دوبڑے بجلی چوروں کی ضمانتیں خارج کردیں

بجلی چور احاطہ عدالت سے گرفتار

بدھ 19 جون 2019 23:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) لاہور ہائیکورٹ نے فیسکوکے دوبڑے بجلی چوروں کی ضمانتیں خارج کردیں ،بجلی چور احاطہ عدالت سے گرفتار۔تفصیلات کے مطابق ایکسئین فیسکوپیپلزکالونی ڈویژن سید فہیم شاہ کی زیرنگرانی ٹاسک فورس نے سمندری روڈ پر فرنس سٹیل مل میں ریموٹ کنٹرول آلے کی مدد سے بڑے پیمانے پر ہونے والی بجلی چوری پکڑ ی تھی ۔

اوربجلی چوروں کو ایک کروڑ دس لاکھ روپے جرمانہ عائدکیا گیا تھا ۔ملزمان عائد کردہ جرمانہ ادانہیں کررہے تھے ۔ سیشن کورٹ فیصل آباد سے ضمانتیں خارج ہونے کے بعد ملزمان نے لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کررکھی تھی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شہرام سرور نے ان کی عبوری ضمانتوں کی درخواست پر سماعت کی اور ایکسئین سید فہیم شاہ کا موقف اور محکمہ کے وکیل کے دلائل سننے کے بعد دونوں بجلی چوروں عاصم ادریس اور حسن اویس کی درخواست ضمانت خارج کردی اورپولیس نے ملزمان کواحاطہ عدالت سے گرفتار کرلیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایکسئین سید فہیم شاہ نے بتایا کہ وزارت پانی و بجلی اور چیف ایگزیکٹو فیسکو مجاہد اسلام باللہ کے خصوصی احکامات پر فیسکو ریجن بھر میں بجلی چوروں کے خلاف کریک ڈائون اکتوبر 2018سے جاری ہے ۔آٹھ ماہ کے دوران پیپلز کالونی ڈویژن کی ٹاسک فورس نے 127بجلی چوروں کو رنگے ہاتھوں پکڑا ہے اور ان سے 4کروڑ سے زائد کی ریکوری کی گئی ہے ۔بجلی چور کسی قسم کی رعایت کے مستحق نہیں ہیں اور آخری بجلی چور کے پکڑے جانے تک فیسکو کی یہ خصوصی مہم بلاامتیازجاری رہے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں