ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوامی مسائل کے حل اور ضلع کی تعمیروترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں،سردار سیف اللہ ڈوگر

جامع حکمت عملی کے تحت ضلعی سطح پر مختلف محکموں کی کارکردگی پر گہری نظر ہے تاکہ سروسز ڈلیوری کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھا جاسکے،ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

بدھ 19 جون 2019 23:55

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 جون2019ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے کہا ہے کہ ضلعی انتظامیہ کی طرف سے عوامی مسائل کے حل اور ضلع کی تعمیروترقی کے لئے بھرپور اقدامات کئے جارہے ہیں اس ضمن میں جامع حکمت عملی کے تحت ضلعی سطح پر مختلف محکموں کی کارکردگی پر گہری نظر ہے تاکہ سروسز ڈلیوری کے اعلیٰ معیار کو قائم رکھا جاسکے۔

انہوں نے یہ بات اپنے آفس میں لوگوں کے مسائل سنتے ہوئے کہی۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے درخواستیں وصول کیں اورناجائز قبضوں،محکمہ مال ،صفائی،سیوریج،محکمہ تعلیم وصحت کے بارے میں مسائل تیزرفتاری سے حل کے لئے متعلقہ محکموں کو ہدایات جاری کیں۔انہوں نے مختلف محکموں کے ضلعی افسران سے کہا ہے کہ وہ لوگوں کی شکایات ومسائل اپنے دفاتر میں حل کرنے پر توجہ دیں اس سلسلے میں درخواست گزاروں کو خندہ پیشانی سے سن کر انہیں تسلی بخش ریلیف فراہم کریں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اوپن ڈور پالیسی کے تحت لوگوں کے مختلف محکموں سے متعلقہ مسائل باقاعدگی سے سن کر ان کو ترجیحی بنیادوں پر حل کیا جارہا ہے ۔انہوں نے ضلعی محکموں کے سربراہان سے کہا کہ حکومت پنجاب کی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے اور دفاتر سے رجوع کرنے والے سائلان کے مسائل وشکایات کے حل کے لئے سنجیدہ رویہ اختیار کریں۔

ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے کہا کہ ضلعی انتظامیہ عوامی مسائل کے حل کے لئے متحرک ہے اور شکایات کاازالہ سے متعلق محکموں سے رپورٹ بھی حاصل کی جارہی ہے۔انہوں نے بعض درخواستوں پر احکامات جاری کرتے ہوئے متعلقہ افسران کو تعمیلی رپورٹ سے آگاہ کرنے کی تاکید کی تاکہ کسی مسئلہ کو حل کرنے میں تاخیر نہ ہواوردرخواست گزاروں کا سرکاری محکموں پر اعتماد مضبوط ہو۔ڈپٹی کمشنر نے شہریوں سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ عوامی مسائل ان کی دہلیز پر حل کرنے کے لئے ہفتہ وار کھلی کچہریوں کے انعقادکاسلسلہ آئندہ جمعہ سے دوبارہ شروع کیا جارہاہے جو کہ حکومت پنجاب کے فیصلے کے مطابق ماہ صیام میں دیگر سرکاری مصروفیات کے باعث روک دیاگیاتھا۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں