شہر کو خوبصورت اور سر سبز و شاداب بنانے میں پی ایچ نے اہم کردار ادا کیا ہے ،سیکرٹری ہائوسنگ نسیم صادق

منگل جون 20:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) : سیکرٹری ہائوسنگ پنجاب نسیم صادق نے کہا ہے کہ شہری خوبصورتی اورجمالیاتی حسن کو اجاگر کرنے میں پی ایچ اے کا کردار انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ سرسز و شاداب اورخوشنما ماحول کے باعث شہریوں کے مزاج و خیالات اور رویوں پر خوشگوار اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات اپنے دورہ کے موقع پر پی ایچ اے آفس میں افسران سے میٹنگ کے دوران کہی ۔

ڈائریکٹر جنرل ہائوسنگ لیاقت چٹھہ ‘ ڈی جی پی ایچ اے محمد آصف چوہدری و دیگر افسران میٹنگ میں موجود تھے ۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے پی ایچ اے کی نئے آفس میں منتقلی پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ مصروف شہری زندگی میں قدرتی ذرائع سے ماحول کو خوبصورت اور شفاف رکھنا بے حدر ضروری ہے جس کے لئے پی ایچ اے کو اپنی ذمہ داریاں محنت ولگن سے ادا کرنی چاہئیں ۔

(جاری ہے)

اس ضمن میں دستیاب وسائل کو دانشمندی سے بروئے کار لاتے ہوئے خاطر خواہ نتائج دکھائے جائیں ۔ انہوںنے کہا کہ فضائی آلودگی اور گرد و غبار پر قابو پانے کے لئے درختوں کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا لہذا شہری علاقوں میں دستیاب جگہوںپربڑے درخت لگا کرانکی بھر پور حفاظت کریں۔ سیکرٹری ہائوسنگ نے پی ایچ اے کے افسران کو درختوں کی اقسام اور ان کی دیکھ بھال کے طریقوں سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ کوئی خشک درخت شہر میں نظر نہ آئے اور اکھڑے ہوئے درختوں کو فوری طور پر ہٹایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ درختوں کی خشک شاخوں کو نکال دیں جبکہ درختوں کی کٹائی بھی تیز دھار آلات سے کی جائے ۔انہوں نے کہا کہ جون اور جولائی کے مہینوں کے دوران دن کی بجائے رات کے اوقات میں درختوں کو پانی لگائیں۔انہوں نے کہا کہ پودوں کے لئے سائنسی خطوط پرنرسریز قائم کریں جن میں مقامی آب وہوااور ماحول کے مطابق پودوں کی پرورش کی جائے۔سیکرٹری ہائوسنگ نے پی ایچ اے کی گاڑیوں کو درست حالت میں رکھنے کی تاکید کی اورکہا کہ تمام مشینری وگاڑیوں پر مخصوص رنگ اور پی ایچ اے کی شناخت واضح کریں تاکہ پی ایچ اے کی کارکردگی نمایاں طور پر شہریوں کو نظر آئے۔

انہوں نے گرین بیلٹس،چوکوں،سڑکوں کے کناروں،تکونی جگہوں،برساتی نالوں،پارکوں،کینال کی اطراف میں درختوں کی تعداد میں اضافہ کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے مالیوں کی تربیت کرنے کی تاکید کی۔انہوں نے کہا کہ مختلف پارکس کی تزئین وترقی کے لئے نجی شعبے کی معاونت حاصل کی جائے جبکہ پی ایچ اے کی سروسز میں مزید توسیع کیلئے جامع پلان مرتب کریں اس ضمن میں محکمہ ہائوسنگ کی طرف سے تعاون فراہم کیا جائے گا۔ڈی جی پی ایچ اے نے سیکرٹری ہائوسنگ کو بریفنگ کے دوران بتایا کہ اس سیزن میں 61ہزار755پودے لگانے کے علاوہ ہلال احمر چوک،مدنی چوک سمن آباد،ستیانہ روڈ چوک اور دیگر چوکوں کی ری ماڈلنگ کی گئی ہے۔انہوں نے پی ایچ اے کیلئے سٹاف کی قلت اور دیگر مسائل کی نشاندہی کی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد شہر میں شائع ہونے والی مزید خبریں:

Your Thoughts and Comments