محکمہ بہبود آبادی چھوٹے خاندان کے پیغام کو عوام میں عام کر کے نتیجہ خیز بنائے ، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر

منگل 25 جون 2019 20:15

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 25 جون2019ء) :محکمہ بہبود آبادی کے زیراہتمام چھوٹے خاندان کے پیغام کو نتیجہ خیز بنانے کے لئے آگاہی مہم پر بھرپور انداز میں عملدرآمد کویقینی بنایا جائے تاکہ مطلوبہ نتائج کا حصول ممکن ہو۔یہ بات ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد نے ڈسٹرکٹ کوآرڈینیشن کمیٹی برائے پاپولیشن ویلفیئر کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔

ڈپٹی ڈسٹرکٹ پاپولیشن ویلفیئر آفیسر طیبہ اعظم،ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر ڈاکٹرمحمد آصف شہزاد،ایجوکیشن آفیسر عبدالستار شاہ،مولانا محمد حفیظ،پیر صدیق الرحمن اور این جی اوز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)نے کہا کہ خاندان کو وسائل کے مطابق رکھنے کے لئے زیادہ سے زیادہ شعور اجاگر کیاجائے تاکہ بے ہنگم بڑھتی ہوئی آبادی کو قابو میں رکھا جاسکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے پسماندہ آبادیوں میں شادی شدہ جوڑوں کی کونسلنگ،ہسپتالوں اور مراکز صحت میں طبی مشوروں اورعوامی آگاہی کے دیگر پروگرامز کے لئے مربوط انداز میں محکمانہ اقدامات کرنے کی ہدایت کی۔انہوں نے محکمہ بہبود آبادی کی ماہانہ کارکردگی کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ بچوں کی تعداد کم رکھنے کے سلسلے میں شادی شدہ جوڑوں کی مکمل رہنمائی اور انہیں چھوٹے کنبے کی افادیت اور اسکے مجموعی قومی ترقی پر مثبت اثرات کے بارے میں احساس دلانے کا سلسلہ جاری رہنا چاہیے ۔

انہوں نے محکمہ صحت ودیگر محکموں سے کہا کہ وہ بہبود آبادی پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں اپنی ماہانہ رپورٹ ہر ماہ کی دس تاریخ تک پاپولیشن ویلفیئر ڈیپارٹمنٹ کے حوالے کریں تاکہ کارکردگی کاجائزہ لے کر اہداف تفویض کئے جاسکیں۔ڈپٹی ڈسٹرکٹ آفیسر نے بریفنگ کے دوران بتایا کہ بچوں کی پیدائش میں وقفہ سے متعلق طبی مشورے ورہنمائی اورمانع حمل آپریشن کی سہولیات فری مہیا کی جارہی ہیں۔انہوں نے بتایا کہ شادی شدہ جوڑوں کی آگاہی کے لئے پروگرامز بھی باقاعدگی سے جاری ہیں۔اجلاس کے دوران علماء کرام نے بہبودآبادی پروگرام کی کامیابی کے لئے اپنے بھرپور تعاون کو جاری رکھنے کی یقین دہانی کرائی۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں