پنجاب کے بعض اضلاع میں کاروبار جاری رہا…ہڑتال کسی مسئلے کا حل نہیں،تاجروں کی گفتگو

ہفتہ 13 جولائی 2019 22:37

لاہور/راولپنڈی/فیصل آباد/میانوالی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 13 جولائی2019ء) پنجاب کے بعض اضلاع میں تاجروں نے ہڑتال کی کال کو مسترد کرتے ہوئے اپنا کاروبار جاری رکھا اور ٹریفک بھی معمول کے مطابق رواں دواں رہی ،تاجر وںنے کہا کہ موجودہ معاشی حالات میں ملک کسی احتجاج یا ہڑتال کا متحمل نہیں ہوسکتا،ہڑتال کسی مسئلے کا حل نہیں اور کاروبار بند کرانا مزدور دشمنی کے مترادف ہے ۔

نمائندوں کے مطابق پنجاب کے بعض اضلاع میں ہڑتال کی کال کے باوجود کاروبار جاری رہا ۔راولپنڈی میں ایوان صنعت و تجارت، دکانداروں اور اہلیان راولپنڈی نے ہڑتال کی کال مسترد کردی ۔راولپنڈی کے علاقوں صادق آباد، سیٹلائٹ ٹائون، اصغر مال، بتی چوک، نیو کناریاں، سٹیڈیم روڈ، ٹنچ بھاٹہ، لالکڑتی، کری روڈ اور مسلم ٹائون سمیت دیگر علاقوں میں دکانیں کھلی رہیں ۔

(جاری ہے)

تاجروں نے کہا کہ ملک ہڑتالوں اور احتجاج کا متحمل نہیں ہوسکتا اور کاروبار بند کرانے سے مزدور کا چولہا ٹھنڈا رہے گا اور ان کے بچے بھوکے رہیں گے۔اسی طرح فیصل آباد کے مختلف مقامات پر بھی تاجروں نے اپنی دکانیں کھلی رکھیں۔فیصل آباد شہر، تحصیلوں، قصبات اور دیگر علاقوں میں مارکیٹیں کھلی رہیں۔سرکلر روڈ، کوتوالی روڈ،ستیانہ روڈ، جرانوالہ روڈ، ڈی گرانڈ، غلام محمد آباداور دوسرے علاقوں میں معاشی رونقیں بحال رہیں۔

۔بہاولپور ڈویژن میں بھی کاروبار ی سرگرمیاں جاری و ساری رہیں اور لوگوں نے معمول کے مطابق خریداری کی۔بہاولپور سٹی کے علاقوں یونیورسٹی چوک، فرید گیٹ، چوک فوارہ، احمد پوری گیٹ، ملتان روڈ گری گنج بازار، شکارپوری گیٹ، عیدگاہ روڈ کے کاروباری مراکز کھلے رہے۔احمد پور شرقیہ، مبارک پور، یزمان، خیر پور ٹامیوالی، حاصل پور، ڈیرہ بکھا، سمہ سٹہ، لال سنہانرا اور خانقاہ شریف کے تجاری مراکز میں اکثر دکانیں کھلی رہیں ۔

ڈیرہ غازیخان ، راجن پور، مظفر گڑھ اور لیہ کے اضلاع میں دکانیں اور کاروباری مراکز کھلے رہے۔میانوالی کے تاجروں نے بھی کاروبار جاری رکھا ۔میانوالی میں تمام تجارتی مراکز اور بازار مکمل طور پر کھلے رہے اور کاروبارز ندگی معمول کے مطابق رہا۔صوبائی دارالحکومت میں میں جزوی ہڑتال ہوئی شہر کے بیشتر علاقوں جن میں عابد مارکیٹ، مزنگ چونگی، شادمان، منٹگمری، دھرم پورہ، میکلوڈ روڈ، چونگی امرسدھو میں مارکیٹیں کھلی رہیں ۔صوبائی وزیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ڈپٹی کمشنر شیخوپورہ کے ہمراہ شہر کا دورہ کیا۔دکانداروں نے کہا کہ موجودہ حکومت کی عوام دوست پالیسیوں پر مکمل اعتماد ہے ۔انہوں نے سیکورٹی مہیا کرنے پر ضلعی انتظامیہ کا بھی شکریہ ادا کیا ۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں