قائمقام ڈپٹی کمشنرکا پینسرہ کے بنیادی مرکز صحت کااچانک دورہ ، ڈاکٹر وسٹاف کی حاضری چیک کی

جمعہ 19 جولائی 2019 20:33

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جولائی2019ء) قائمقام ڈپٹی کمشنر /ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ریونیو)طارق خان نیازی نے طبی اقدامات پر عملدرآمد کو چیک کرنے کے لئے چک نمبر 74 ج ب پینسرہ کے بنیادی مرکز صحت کااچانک دورہ کیااور ڈاکٹر وسٹاف کی حاضری چیک کی۔سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا بھی ان کے ہمراہ تھے۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے بنیادی مرکز صحت میں ادویات کی دستیابی،طبی مشینری کی موجودگی، ان کی فنکشنل حالت اور صفائی کا بھی جائزہ لیا اور ڈیوٹی سٹاف کو تاکید کی کہ علاج معالجہ کی غرض سے آئے ہوئے مریضوں کو بہترین طبی سہولیات کی فراہمی میں کوتاہی نہیں ہونی چاہیے۔

انہوں نے کہا کہ دوردراز علاقوں میں ہیلتھ مراکز کو ہفتہ کے ساتوں دن چوبیس گھنٹے چلانے کا مقصد عوام کوعلاج کی معیاری اور تیز رفتار سروسز فراہم کرناہے جس میں معمولی سی بھی غفلت کی گنجائش نہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے بعض ادویات کو محفوظ رکھنے کے لئے ڈی فریزر کی موجودگی اور مریضوں کے علاج معالجہ کا ریکارڈ بھی چیک کیا۔قائمقام ڈپٹی کمشنر نے بی ایچ یو کو درپیش بعض مسائل حل کرنے کے لئے سی ای او ہیلتھ کو ہدایت جاری کی۔

انہوں نے وہاں موجود مرد و خواتین مریضوں سے بھی ملاقات کی اور ان سے ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی باقاعدگی سے حاضری اوردیگر طبی سہولیات کی فراہمی کے بارے میں دریافت کیا۔انہوں نے سختی سے ہدایت کی کہ صحت کے شعبے میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہچانے میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے اور حکومت پنجاب کے ہیلتھ روڈ میپ پروگرام پر عملدرآمد کے سلسلے میں کوئی کمی نہیں ہونی چاہئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں