گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کا تو سیعی منصوبہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے ، ڈپٹی کمشنر فیصل آباد

پیر 19 اگست 2019 20:42

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اگست2019ء) ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر نے کہا ہے کہ گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کو 50 سے 250 بیڈز تک توسیع دینے کا منصوبہ تیز رفتاری سے مکمل کیا جائے تاکہ مریضوں کو ان کے گھروں کے قریب علاج معالجہ کی وسیع و جدید سہولیات بلا تاخیر میسر آسکیں ۔ انہوں نے یہ بات گورنمنٹ جنرل ہسپتال سمن آباد کے توسیعی منصوبے کی تعمیراتی پیش رفت اور موجودہ ہسپتال کی انتظامی و طبی کارکردگی کا معائنہ کرتے ہوئے کہی ۔

میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر طارق اسلام ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید ‘ ایکسئین بلڈنگز قاسم افتخار اور دیگر افسران بھی اس موقع پر موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے ہسپتال کی زیر تعمیر عمارت کے مختلف حصوں کا معائنہ کرتے ہوئے ہدایت کہ بقیہ کام جلد مکمل کریں اور بلڈنگ میں تمام تر طبی و تشخیصی اور انتظامی ضروریات کا خیال رکھا جائے تاکہ بعدازاں توڑ پھوڑ نہ کرنی پڑے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے لفٹس کو فوری فنکشنل اور مشینری و دیگر آلات کی حفاظت کو یقینی بنانے کی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کی اپ گریڈیشن کے لئے درکار مزید فنڈز کے حصول کے سلسلے میں بھی اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ ڈپٹی کمشنر نے جنرل ہسپتال کے شعبہ ایمرجنسی ‘ تشخیصی لیبارٹری ‘ الٹرا سائونڈ ‘ ایکسرے یونٹ ‘ ہیپاٹائٹس کلینک ‘ ڈینٹل سرجن روم ‘ ڈائیلاسسز روم ‘ چلڈرن وارڈ اور دیگر شعبوں کا تفصیلی دورہ کرکے مریضوں سے طبی سہولتوں کی دستیابی سے متعلق دریافت کیا ۔

انہوں نے انتظامی افسران سے کہا کہ مریضوں کی آسائش اور تیز رفتار طبی معائنہ کے لئے موثر حکمت عملی اختیار کی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ رش کے باعث مریضوں کو انتظار و قطار کی زحمت سے بچانے کے لئے بھی خصوصی اقدامات ہونے چاہیں ۔ انہوںنے ہسپتال کے بعض حصوں میں صفائی کے ناقص انتظامات پر شدید برہمی کا اظہار کیا اور موقع پر سینٹری انسپکٹر کو طلب کرکے اس کی سرزنش کی ۔

دریں اثناء ڈپٹی کمشنر سردار سیف الله ڈوگر نے الائیڈ ہسپتال میں برن یونٹ کا بھی دورہ کرکے مختلف شعبوں کا معائنہ کیا ۔ میڈیکل سپرنٹنڈنٹ الائیڈ ہسپتال ڈاکٹر خرم الطاف ‘ ڈی ایم ایس ڈاکٹر اکرم چیمہ ‘ ڈپٹی ڈائریکٹر ڈویلپمنٹ ڈاکٹر نوید ‘ ایکسئین بلڈنگز قاسم افتخار ‘ سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا اور دیگر افسران بھی موجود تھے ۔ ڈپٹی کمشنر نے کہا کہ اس صنعتی و مصروف کاروباری علاقہ کے لئے برن یونٹ انتہائی اہمیت کا حامل طبی شعبہ ہے جسے درکار تقاضوں کے مطابق بنانے میںکوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔

انہوںنے بلڈنگز ڈیپارٹمنٹ کے افسران سے کہا کہ وہ عمارت کے بعض تعمیراتی نقائص کو فوری دور کریں تاکہ بلڈنگ کی سپردگی کا عمل مکمل کیا جائے ۔ اس سلسلے میں محکمہ بلڈنگز اور ہسپتال انتظامیہ میں مکمل کوارڈینیشن ہونی چاہئے ۔ ڈپٹی کمشنر نے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سے کہا کہ برن یونٹ کی عمارت کی سو فیصد تکمیل کے حوالے سے درکار تقاضوں سے آگاہ کریں تاکہ ضروری اقدامات کئے جا سکیں ۔

انہوں نے ڈاکٹرز سے کہا کہ برن یونٹ کی میڈیکل سروسز کو مزید بہتر اور معیاری بنائیں جبکہ بیرونی ماحول کو بھی پرکشش بنایا جائے ۔ اس موقع پر بتایا گیا کہ 55 بیڈز پر مشتمل برن یونٹ میں آپریشن تھیٹر ‘ آئیسولیشن وارڈ ‘ فزیو تھراپی ‘ واشنگ ایریا اور دیگر شعبے قائم ہیں اور جلے ہوئے مریضوں کے علاج ‘ پلاسٹک سرجری کی بھی سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں