صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمد کا تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا دورہ

مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کاجائزہ لیا

منگل 20 اگست 2019 22:36

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2019ء) صوبائی وزیر ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن حافظ ممتاز احمداور ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے تحصیل ہیڈ کوارٹرز ہسپتال سمندری کا دورہ کیا اور مختلف شعبوں کا معائنہ کرتے ہوئے مریضوں کے لئے دستیاب طبی سہولیات کاجائزہ لیا۔اسسٹنٹ کمشنر سمندری فیصل سلطان،میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر آصف صدیق ودیگر ڈاکٹرز بھی اس موقع پر موجود تھے۔

صوبائی وزیر اورڈویژنل کمشنر شعبہ ایمرجنسی گئے اور وہاں مریضوں کے علاج معالجہ کی سہولیات کی فراہمی کے عمل کاجائزہ لیتے ہوئے کہا کہ مختلف بیماریوں یا ناگہانی حادثات کے ہنگامی مریضوں کے لئے مستعد میڈیکل سروسز کی فراہمی میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔انہوں نے کہا کہ بلاوجہ اورغیر ضروری طور پر مریضوں کو فیصل آباد کے ہسپتالوں میں ریفر نہ کریں تاکہ نہ صرف مریض مقامی سطح پر علاج کرواسکیں بلکہ بڑے ہستپالوں پر غیر ضروری بوجھ بھی نہ پڑے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ادویات کے سٹور،ڈائیلاسز سنٹر،لیبارٹری ودیگر شعبوں کا معائنہ بھی کیا۔صوبائی وزیر ایکسائز نے کہا کہ حکومت تحصیل ہسپتالوں ودیہی مراکز صحت کی اپ گریڈیشن کے لئے متعدد اقدامات کررہی ہے اس سلسلے میں جدید طبی وتشخیصی سہولیات دوردراز علاقوں تک پہنچائی جارہی ہیں لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ڈاکٹرز صاحبان صحت کے شعبہ میں حکومتی اقدامات کے ثمرات عام مریضوں تک پہنچانے میں منظم اور جامع حکمت عملی کے تحت فرائض انجام دیں۔انہوں نے کہا کہ تحصیل ہیڈ کوارٹرہسپتال سمندری کی توسیع وترقی کے لئے مزید اقدامات بھی کئے جائیں گے۔ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ سرکاری ہسپتالوں کی کارکردگی کے معیار کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے باقاعدگی سے مانیٹرنگ کی جارہی ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں