ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام فیصل آباد میں اربن فاریسٹ کے قیام کے لئے ابتدائی اقدامات شروع

منگل 20 اگست 2019 22:40

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 20 اگست2019ء) ضلعی انتظامیہ کے زیراہتمام فیصل آباد میں اربن فاریسٹ کے قیام کے لئے ابتدائی اقدامات شروع کر دیئے گئے ہیں اس ضمن میں ڈپٹی کمشنر سردار سیف اللہ ڈوگر نے چک نمبر 235 رب نیاموآنہ کا دورہ کیا اور دستیاب پانچ ایکٹر رقبہ پر اربن فاریسٹ کے قیام کے سلسلے میں جاری امور کا جائزہ لیا۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے چوہدری محمد آصف اوردیگر افسران بھی ان کے ہمراہ تھے۔

ڈپٹی کمشنر نے پی ایچ اے کے افسران سے کہا کہ اربن فاریسٹ کے منصوبے کے جلد آغاز کے لئے تمام تر درکار تقاضوں کو فوری مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ درختوں کی تعداد میں اضافہ کرکے ماحولیاتی آلودگی اور موسمی سختیوں پر قابو پایا جا سکتا ہے جس کے لئے اربن فاریسٹ کا قیام عمل میں لایا جارہا ہے اور اس اہم پراجیکٹ میں نجی اداروں کی شراکت داری خوش آئند اقدام ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ نیاموآنہ میں دستیاب اراضی پراضافی ورک فورس لگا کرجنگلات لگانے کے حوالے سے جگہ کی ہمواری اوردیگر امور کو حتمی شکل دیں اس سلسلے میں فاریسٹ ڈیپارٹمنٹ سے بھی قریبی رابطہ رکھا جائے۔انہوں نے بتایا کہ فیصل آباد میں تین مقامات پر اربن فاریسٹ قائم کیاجارہا ہے جس کو وسعت بھی دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ حکومتی ہدایات پر پلانٹ فار پاکستان مہم پر بھی بھرپور انداز میں عملدرآمد جاری ہے۔

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں