25 اگست کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے سابقہ تجربات کو مدنظر رکھ کر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنایا جائے‘ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی

جمعرات 22 اگست 2019 20:51

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 22 اگست2019ء) ڈویژنل کمشنر محمود جاوید بھٹی نے ہدایت کی ہے کہ یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیراہتمام میڈیکل کالجز میں داخلوں کے لئے 25 اگست کو ہونے والے انٹری ٹیسٹ کے حوالے سے سابقہ تجربات کو مدنظر رکھ کر سیکورٹی کے فول پروف انتظامات کویقینی بنایا جائے تاکہ طالب علم پر سکون ماحول میں ٹیسٹ دے سکیں۔

انہوں نے یہ بات انٹری ٹیسٹ کے انعقاد کے ضروری انتظامات کاجائزہ لینے سے متعلق ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ایس ایس پی آپریشنز سید علی رضا،ایڈیشنل کمشنر محبوب احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر( ہیڈ کوارٹرز) قیصر عباس رند،اسسٹنٹ کمشنر جنرل مصور خاں نیازی،ڈائریکٹر سٹوڈنٹس آفیئرز جی سی یونیورسٹی ڈاکٹر ندیم سہیل،کنٹرولر امتحانات گورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی رضوانہ تنویر،چیف آفیسر میونسپل کارپوریشن سردار نصیر احمد،کوآرڈینیٹر یو ایچ ایس محمد رمضان،زرعی یونیورسٹی کے نمائندہ آفیسر اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ڈویژنل کمشنر نے کہا کہ متعلقہ افسران انٹری ٹیسٹ کے تینوں مراکز کا مشترکہ وزٹ کرکے ضروری انتظامات کاجائزہ لیں اور طالب علموں کی سہولت کے لئے ہرممکن اقدامات ہونے چاہیں۔انہوں نے سنٹرز پر پینے کا پانی،میڈیکل کیمپس،ایمرجنسی سروسز کی موجودگی،مناسب جگہوں پر گاڑیوں کی پارکنگ،بہتر ٹریفک مینجمنٹ اور امیدواروں کے ساتھ آنے والے والدین/رشتہ داروں کے لئے باسہولت انتظار گاہوں اور دیگر اقدامات کو فوری مکمل کرنے کی ہدایت کی۔

ایس ایس پی آپریشنز نے کہا کہ انٹری ٹیسٹ کے تینوں امتحانی مراکز پر سیکورٹی کے سخت ترین انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اس ضمن میں پلان ترتیب دیا جارہا ہے۔اجلاس کے دوران یونیورسٹیز کی طرف سے ضروری انتظامات کے حوالے سے بریفنگ دی گئی جبکہ کوآرڈینیٹر یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز نے بتایا کہ انٹری ٹیسٹ کے لئے زرعی یونیورسٹی،گورنمنٹ کالج یونیورسٹی اولڈ کیمپس دھوبی گھاٹ اورگورنمنٹ کالج وومن یونیورسٹی مدینہ ٹاؤن میں مجموعی طور پر 8075طلباء وطالبات شرکت کریں گے جن میں 5228طالبات اور2847طلباء شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ زرعی یونیورسٹی اورجی سی وومن یونیورسٹی میں طالبات اور جی سی یونیورسٹی اولڈ کیمپس میں طلباء وطالبات دونوں کے لئے سنٹرز بنائے گئے ہیں

متعلقہ عنوان :

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں