فیصل آباد ، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا

جمعہ 23 اگست 2019 13:30

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 23 اگست2019ء) فیصل آباد سمیت ڈویژن بھر میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت کے خلاف جمعہ کو یوم یکجہتی کشمیر بھر پور طریقے سے منایا گیا۔ اس موقع پر گھنٹہ گھر چوک میں نہتے ، مظلوم و معصوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے اظہار کیلئے ہاتھوں کی زنجیر بنائی گئی جس میں ڈویژنل وضلعی انتظامیہ کے افسران،تاجروں ، وکلاء،علماء کرام، دانشوروں ، این جی اوز ، سول سوسائٹی کے ارکان اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔

اس موقع پر ڈسٹرکٹ ہیلتھ ورکرز اور ایم سی ہائی سکول کوتوالی روڈ کے بچوں نے بھی ہاتھوں کی زنجیر بنانے اور ریلی میں حصہ لیا جنہوںنے بڑی تعداد میں فلیکس ، بینرز ، پلے کارڈز ، ہورڈنگز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارتی جارحیت اور کشمیری بھائیوں کے ساتھ یکجہتی کے نعرے درج تھے نیز ریلی کے شرکاء بھارتی جارحیت اور انڈین آرمی کی سفاکانہ کاروائیوں کے خلاف زبر دست نعرے بازی بھی کرتے رہے۔

(جاری ہے)

ریلی اور ہاتھوں کی زنجیر بنانے کے موقع پر شرکاء سے خطاب میں مقررین نے کہاکہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور تحریک آزادی کشمیرکے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تک ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ یوم یکجہتی کشمیر منانے کا مقصد عالمی منصفو ں کو انصاف کے تقاضے یاد کرانا ہے کہ وہ کشمیریوں کے حق خود ارادیت کیلئے اپنا مثبت کردار اداکریں۔

انہوں نے شہداء کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ظلم وطاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جاسکتا۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں دہشت کی فضاء قائم کررکھی ہے اور بھارتی فوج کے ظالمانہ ہتھکنڈوں اور ظلم وجبر کے باوجود کشمیری اپنے حق خود ارادیت کے مطالبے سے ایک انچ پیچھے نہیں ہٹے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کوہر فورم پر اجاگرکیا جارہا ہے اور مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کاظلم واستبداد اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا۔

انہوںنے کہاکہ سلامتی کونسل کا 50 سال بعد مقبوضہ کشمیر پر اجلاس طلب کیا جانا پاکستان کی بڑی کامیابی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریلی میں شہریوں کی شرکت کشمیریوں سے یکجہتی کا بھرپور ا ظہار ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم سب کشمیریوں کے ساتھ ہیں اور کشمیر کی آزادی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ مقررین نے کشمیر کی سیاسی اور علاقائی اہمیت کو اجاگر اور اہل کشمیر کی حصول آزادی کیلئے دی گئی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کیلئے دی گئی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور جلد کشمیر کی آزادی کا سورج طلوع ہو گا اور بھارت کے مذموم عزائم خاک میں مل جائیں گے ۔ اس موقع پر پنڈال پاکستان زندہ باد اور کشمیر بنے گا پاکستان کے نعروں سے گونجتا رہا۔ یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر سیاہ پرچم اور سیاہ بینر بھی لہرائے گئے جبکہ احتجاجی مظاہروں اور ریلیوں کے شرکاء نے بھی کالی پٹیاں بازوئوں پر باندھیں۔

انہوںنے کہاکہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے خلاف جبر و استبدار اور بے پناہ مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتی یہی وجہ ہے کہ آج انڈیا کے خلاف کشمیریوں کے ساتھ جگہ جگہ مکمل یکجہتی کا مظاہرہ کیا گیا ہے تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ناانصافیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے ظلم کے بارے میں دنیا کو مئو ثر انداز میں آگاہ کیا جا سکے ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور مشکل کی گھڑی میں آج بھی ان کے ساتھ ہے اور آنے والے وقت میں بھی کشمیریوں سے جڑی رہے گی ۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج جلد طلوع ہو کر رہے گا ۔ انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کوسلام پیش کیا اور کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ انڈیا اپنے ظالمانہ ہتھکنڈوں سے مقبوضہ کشمیر کی آزادی کی تحریک کو نہیں دبا سکتا کیونکہ آزادی کشمیریوں کا بنیادی حق ہے جو انہیں ہر صورت مل کر رہے گا ۔

انہوں نے کہا کہ آج انڈیا کے خلاف یوم سیاہ منانے کا مقصد انڈین فورسز کی طرف سے مقبوضہ کشمیر میں ظلم و ستم کی شدید مذمت کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پاکستانی قوم متحد ہے اور کشمیریوں کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی ۔انہوں نے کہا کہ چالاک اور مکار مودی حکومت کا اصل چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہو گیا ہے اور اب زیادہ دیر تک مقبوضہ کشمیر پر غاصبانہ قبضہ برقرار نہیں رہ سکتا ۔

انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت مسئلہ کشمیر کے حل کیلئے عالمی سطح پر تمام تر کوششیں اور وسائل بروئے کار لائے گی۔ انہوںنے کہا کہ ہم سب اپنے کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہیں۔انہوںنے کہا کہ بھارت میں تمام اقلیتوں کے ساتھ ہمیشہ امتیازی سلوک روا رکھا جاتا رہا ہے جو دنیا کی بڑی جمہوریت ہو نے کے دعویدار بھارت کی دعوؤں کی نفی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کی حالیہ دنوں میں مقبوضہ کشمیر کی حیثیت تبدیل کرنے کی کوشش خطے کا امن تباہ کرنے کی سازش ہے جبکہ نریندر مودی کے ناپاک عزائم نے خطے کے پونے دو ارب لوگوں کی زندگیوں کو داؤ پر لگا دیا ہے جس کا اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لینا چاہئے۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں