حکومت پنجاب کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا

ًچوک گھنٹہ گھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی

جمعہ 23 اگست 2019 22:28

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 23 اگست2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر فیصل آباد ڈویژن میں بھارت کے مقبوضہ کشمیر میں ظلم وستم کے خلاف یوم یکجہتی کشمیر منایا گیا اس سلسلے میں ڈویژن کے چاروں اضلاع،تحصیلوں،قصبوں اور دیگر مقامات پر احتجاجی ریلیاں اور سیمینارز منعقد ہوئے۔ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر چوک گھنٹہ گھر میں کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے انسانی ہاتھوں کی رنجیر بنائی گئی اور انتظامی افسران،علماء کرام،تاجر ومزدور رہنما،سول سوسائٹی کے افراد اور طالب علموں نے بھارتی جارحیت اور مقبوضہ کشمیر میں انسانیت سوز کارروائیوں کی بھرپورمذمت کی۔

کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے موقع پر رکن قومی اسمبلی شیخ خرم شہزاد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب احمد،ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(ہیڈ کوارٹرز)قیصر عباس رند،ڈائریکٹر کالجز ڈاکٹر محمد عالم،سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر مشتاق سپرا،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سعید انور،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز امداد الله چوہدری،ڈپٹی ڈائریکٹر سوشل ویلفیئر خالد بشیر،ڈی او سیکنڈری ایجوکیشن خالد اختر،مینجر صنعت زار محمد سلیم بلندیا کے علاوہ دیگر افسران بھی شریک تھے اور مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد کشمیروں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے زنجیر میں شامل ہوتے گئے جبکہ کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی بھی نکالی گئی۔

(جاری ہے)

ایم این اے شیخ خرم شہزاد نے کہا کہ کشمیری حریت پسندوں کی قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور تحریک آزادی کشمیر کے نامکمل ایجنڈے کی تکمیل تک ہر فورم پر کشمیریوں کی حمایت جاری رکھی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان نے مسئلہ کشمیر کو ہر سطح پراجاگر کیا ہے اور جلد کشمیر آزاد ہو کر رہے گا ۔انہوں نے شہدا کشمیر کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ظلم وطاقت کے بل بوتے پر کشمیریوں کی جدوجہد آزادی کو دبایا نہیں جا سکتا اوربھارتی ظلم واستبداد اب زیادہ دیر تک نہیں چل سکے گا ۔

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز نے کہا کہ پاکستانی قوم کشمیری بھائیوں کے خلاف جبر واستبداد اور بے پناہ مظالم کے خلاف خاموش نہیں رہ سکتی یہی وجہ ہے کہ حکومتی ہدایات پر کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ہر جمعہ اور منگل کو یکجہتی کشمیر ڈے منایا جائے گا تاکہ مقبوضہ کشمیر میں ناانصافیوں اور کشمیری عوام پر ڈھائے جانے والے مظالم کے بارے میں دنیا کو موثر انداز میں آگاہ کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستانی قوم کل بھی ان کے ساتھ کھڑی تھی اور مشکل کی گھڑی میں آج بھی کشمیریوں کے ساتھ ہیں ۔دیگر مقررین نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں معصوم اور بے گناہ کشمیریوں کی لازوال قربانیاں ضرور رنگ لائیں گی اور آزادی کا سورج جلد طلوع ہو کر رہے گا ۔انہوں نے کشمیری حریت پسندوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔قبل ازیں جمعتہ المبارک کے خطبات میں علماء کرام نے مسئلہ کشمیر کو اجاگر کیا اور بھارتی ظلم وستم کی مذمت کی گئی۔اس موقع پر کشمیری کی فتح ونصرت کی دعائیں بھی کی گئیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں