وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں ،چوہدری محمد اجمل چیمہ

ہفتہ 24 اگست 2019 22:23

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 24 اگست2019ء) :۔ صوبائی وزیر وزیراعلیٰ شکایات سیل چوہدری محمد اجمل چیمہ نے کہا ہے کہ ہمیں اپنے وطن سے محبت کرنی چاہئے کیونکہ یہ وطن ہے تو ہم ہیں اسی کی بدولت دنیا بھر میں ہمارا نام و مقام ہے لیکن بدقسمتی سے کچھ لوگ اغیار کے جال میں پھنس کر اس ملک کی خدمت کرنے کی بجائے بیرون ملک جانے کو ترجیح دیتے ہیں جو اس ملک کے ساتھ سراسرناانصافی و غداری کے مترادف ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں یوم آزادی کے حوالہ سے ہونے والی خصوصی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے تعلیمی اداروں میں طلباء وطالبات میں اعتماد پیدا کرنے اور ان کے دلوں میں وطن سے محبت کے حوالے سے خصوصی تربیت کا اہتمام ہونا چاہئے تاکہ آج کے یہ ہونہار کل کے معمار بن کر وطن عزیز کی حقیقی معنوں میں خدمت کا فریضہ سرانجام دے سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں تعلیمی اداروں کی بہتری کیلئے بھرپور کوششیں کر رہی ہیں انشاء اللہ وہ دن دور نہیں جب ہمارے تعلیمی اداروں کا معیار بھی عالمی سطح کے برابر ہو گا اور بیرون ممالک سے لوگ تعلیم حاصل کرنے یہاں آئیں گے۔ چیئرپرسن بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن فیصل آباد ڈاکٹر طیبہ شاہین نے کہا کہ زندہ قومیں اپنا یومِ آزادی ہمیشہ جوش و جذبہ سے مناتی ہیں ایسی تقاریب کا مقصد نئی نسل کو قیام پاکستان کیلئے کی گئی ہمارے بزرگوں کی کوششوں سے متعلق آگاہی فراہم کرنا اور ان کی قربانیوں کی یاد تازہ کرنا ہوتا ہے ۔

تقریب سے چوہدری لطیف نذر چیئرمین پی ایچ اے ‘چوہدری عادل پرویز گجرپارلیمانی سیکرٹری اور غلام محمود ڈوگرآر پی او فیصل آباد نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ ہماری مسلح افواج سرحدوں پر دشمن کے دانت کھٹے کرنے میں مصروف ہے اور پو لیس دہشت گردوں کا مقابلہ کر رہی ہے جس کی وجہ سے مجھے یہ کہنے میں کوئی عار نہیں کہ الحمداللہ ہماری سرحدیں اور ملک محفوظ ہے اور کوئی بھی اس کی طرح میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا لیکن مقام افسوس ہے کہ ہماری نظریاتی سرحدیں محفو ظ نہیں کیونکہ آج بھارت اور اسرائیل سمیت دیگر پاکستان مخالف قوتیں انٹرنیٹ اور فیس بک کے ذریعے ہماری نوجوان نسل کو تباہی کے دھانے پر پہنچانے کیلئے دن رات کوشاںہیں ۔

انہوں نے کہا کہ آج ضرورت اس امر کی ہے کہ تعلیم حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ تربیت پر بھی بھرپور توجہ دی جائے کیونکہ ہم اگر نوجوان نسل کی تربیت ٹھیک طرح سے کرنے میں کامیاب ہو گئے تو تب ہی ہم اچھے شہری اور محب وطن بن سکتے ہیں۔ اس موقع پر سیکرٹری بورڈ محمد افضل چوہدری اور کنٹرولرامتحانات شہنا ز علوی سمیت دیگر بورڈ افسران و ملازمین بھی موجود تھے۔

ڈاکٹر طیبہ شاہین نے کہا کہ الحمداللہ آج ہم اپنا 72 واں یوم آزادی تزک و احتشام سے منا رہے ہیں اسی مناسبت سے ہم نے پہلی بار ایجوکیشن بورڈ فیصل آباد میں سکولز اور کالجز سطح پر الگ الگ ملی نغموں اور پینٹنگ کے مقابلوں کا انعقاد کیا ہے۔ مقابلوں میں حصہ لینے والے تمام امیدواران اپنے اپنے ڈسٹرکٹ کے ونر ہیں اور اب ڈویژن لیول کے مقابلوں میں شریک ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ 65ء اور 71ء کی جنگوں میں ہم نے دیکھا کہ فوج بارڈروں پر دشمن کا مقابلہ کر رہی تھی اور ملی نغمے عوام میں جوش و جذبہ پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ ان کے لہو گرمانے میں اہم کردار ادا کر رہے تھے اس لئے یہ کہنا بے جا نہ ہو گا کہ ملی نغمے بھی قوم کے اتحاد و یکجہتی میں کلیدی کردار ادا کرتے ہیں۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی فیصل آباد کی پروفیسر تہمینہ افضل نے پینٹنگ اور ملی نغموں میں پوزیشنیں حاصل کرنے والے طلباء وطالبات کے ناموں کا اعلان کیا۔

جس کے مطابق مقابلہ پینٹنگ سکول لیول میں گورنمنٹ لیبارٹری گرلز ہائی سکول کمالیہ کی طالبہ معظمہ اول‘ گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چک جنوبی جھنگ کی طالبہ عائشہ جمشید دوئم اور گورنمنٹ گرلز ہائی سکول چنیوٹ کی طالبہ اسماء نے سوئم پوزیشن حاصل کی اسی طرح کالج لیول میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین غلام محمد آباد کی طالبہ خذیمہ مشتاق نے پہلی‘ فاران ماڈل کالج جھنگ کی طالبہ سبین فاطمہ نے دوسری اور گورنمنٹ سائنس کالج سمن آباد کے طالب علم طلحہ سعید نے تیسری پوزیشن حاصل کی جبکہ ملی نغموں کے سکول سطح کے مقابلہ جات میں گورنمنٹ ہائی سکول کالج روڈ جھنگ کے طالب علم محب فیضان اول‘ گورنمنٹ کمپری ہنسو ہایئر سیکنڈری سکول سمن آبادفیصل آباد کے طالب علم سلمان رضا دوئم اور گورنمنٹ لیبارٹری گرلز ہایئر سیکنڈری سکول فیصل آباد کی طالبہ فاطمہ اکرام نے سوئم رہیں۔

ملی نغمے کالج سطح کے مقابلوں میں گورنمنٹ کالج برائے خواتین گوجرہ کی طالبہ کائنات ذوالفقار نے پہلی‘ سپیریئر گرلز کالج جھنگ کی طالبہ اجالا فہیم نے دوسری اور گورنمنٹ ڈگری کالج جھنگ کی طالبہ ملائیکہ بتول نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔ تمام پوزیشن ہولڈرز طلباء وطالبات کو صوبائی وزیر وزیراعلیٰ شکایات سیل چوہدری محمد اجمل چیمہ‘ چیئرپرسن تعلیمی بورڈ فیصل آباد ڈاکٹر طیبہ شاہین‘ سیکرٹری بورڈ محمدافضل چوہدری اور کنٹرولر امتحانات شہناز علوی و دیگر مہمانوںنے انعامات تقسیم کیے

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں