فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم الحرام کے 10 ایام کے دوران معمولی نوعیت کے 11مقدمات کا اندراج کیا گیا،گزشتہ سال عشرہ محرم کے دوران یہ تعداد 30تھی،ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں عشرہ محرم کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کو ئی مقدمہ درج نہیں ہوا،کمشنر فیصل آباد

بدھ 11 ستمبر 2019 16:05

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 11 ستمبر2019ء) کمشنر فیصل آباد ڈویژن محمود جاوید بھٹی نے بدھ کے روز بتایاکہ فیصل آباد ڈویژن میں عشرہ محرم الحرام کے 10 ایام کے دوران معمولی نوعیت کے 11مقدمات کا اندراج کیا گیا جبکہ گزشتہ سال عشرہ محرم کے دوران مقدمات کی مذکورہ تعداد 30تھی نیز عشرہ محرم کے 10روز کے دوران یکم محرم سے یوم عاشور 10محرم تک ضلع ٹوبہ ٹیک سنگھ اور چنیوٹ میں عشرہ محرم کے ضابطہ اخلاق کے حوالے سے کو ئی مقدمہ درج نہیں ہوا۔

انہوںنے بتایاکہ یوم عاشور کے روز فیصل آباد ڈویژن کے چاروں اضلاع فیصل آباد ، جھنگ ، ٹوبہ ٹیک سنگھ، چنیوٹ میں تعزیہ ، علم ، ذوالجناح اور اسی نوعیت کے دیگر کل 563جلوس نکالے گئے جبکہ یوم عاشور کے روز 250مجالس عزاء و مجالس شام غریباں کا بھی انعقاد کیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے بتایاکہ مجموعی طور پر عشرہ محرم کے دوران سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کے باعث کوئی بڑا ناخوشگوار واقعہ رونما نہیں ہوا تاہم فیصل آباد اور ضلع جھنگ میں محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق کی معمولی نوعیت کی خلاف ورزیوں پر متعلقہ دفعات کے تحت 11مقدمات کا اندراج کیا گیا۔

انہوںنے بتایاکہ گزشتہ سال عشرہ محرم میں محرم الحرام کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں پر 30مقدمات درج کئے گئے تھے اس طرح امسال صورتحال گزشتہ سال کی نسبت بہت بہتر رہی۔انہوںنے بتایاکہ عشرہ محرم الحرام کے دوران نہ صرف الیکٹرانک و پرنٹ میڈیا نے انتہائی ذمہ داری کا مظاہرہ کیا بلکہ امن کمیٹیوں کے ارکان ، ارکان اسمبلی، مختلف مسالک کے علمائے کرام ،ذاکرین اہل بیت ،مشائخ عظام ، مذہبی دانشوروں نے بھی اتحاد بین المسلمین اور بین المسالک ہم آہنگی میں شاندار کردار ادا کیا۔

انہوںنے بتایاکہ اس کے ساتھ ساتھ فوج کی کمپنیاں ،پنجاب پولیس ،پنجاب کانسٹیبلری ، پنجاب ہائی وے پٹرولنگ پولیس ،ریسکیو 1122،ڈولفن فورس ، ایلیٹ فورس ، پولیس قومی رضا کاران نے بھی انتہائی جانفشانی سے اپنے فرائض سر انجام دیئے۔انہوںنے بتایاکہ اس دوران شہریوں کا انتظامیہ کے ساتھ تعاون بھی قابل تعریف رہا جس کے باعث شر پسند عناصر کو کسی قسم کی بد امنی پھیلانے کا موقع نہ مل سکا جس کیلئے وہ تمام افراد کے شکر گزار ہیں۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں