ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی گئی

جمعہ 13 ستمبر 2019 23:18

فیصل آباد ۔ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 13 ستمبر2019ء) حکومت پنجاب کی ہدایات پر ضلعی انتظامیہ کے زیر اہتمام مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے ریلی منعقد ہوئی جس کی قیادت ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل)میاں آفتاب نے کی۔ڈائریکٹر جنرل پی ایچ اے آصف چوہدری،چیف آفیسرزضلع کونسل و میونسپل کارپوریشن نعیم اللہ وڑائچ،سردار نصیر احمد،ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ سعید انور،ایڈمن آفیسر ریاض حسین انجم کے علاوہ مختلف محکموں کے افسران وسٹاف ممبران اور سول سوسائٹی کے افراد بھی شریک تھے۔

ریلی ضلع کونسل چوک سے شروع ہو کر کچہری بازار چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوئی۔شرکا نے کشمریوں سے اظہار یکجہتی کے لئے بینرزاورپلے کارڈز اٹھا رکھے تھے جبکہ کشمیر بنے گا پاکستان کے فلک شگاف نعرے بھی لگائے گئے۔

(جاری ہے)

ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر(جنرل) نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستانی قوم کا ہر شہری مظلوم کشمیری بھائیوں کے ساتھ ہے اور کشمیر کی آزادی کے لئے ان کی اخلاقی و سفارتی امداد جاری رکھی جائے گی۔

انہوں نے کشمری عوام سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ان کی قربانیوں کو سلام پیش کیا اور کہا کہ شہیدوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لئے ضروری ہے کہ اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کو اپنی قسمت کا فیصلہ کرنے کا حق دیا جائے۔اس سلسلے میں عالمی اداروں کو موثرکردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر پر پوری قوم چٹان کی طرح متحد ہے جو کہ کشمیر کی آزادی کے لئے واضح پیغام ہے۔

ڈی جی پی ایچ اے نے کشمیری عوام کی آزادی کے لئے لازوال قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی قوم کے دل کشمیری بھائیوں کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔انہوں نے کشمیری عوام کے ساتھ بھارتی افواج کے ظلم و ستم اور غیر انسانی سلوک کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ عالمی اداروں کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا فوری نوٹس لینا چاہئے۔

یکجہتی کشمیر ریلی سے ڈپٹی ڈائریکٹرلوکل گورنمنٹ،سی اوزودیگر نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت کشمیر ی عوام کے حق خود ارادیت کو مظالم کے ذریعے نہیں دبا سکتا۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں مسلم بچوں‘ خواتین اور بوڑھوں پر بھارتی فوج کے انسانیت سوز مظالم اورقتل عام افسوسناک ہے جسے فوری بند کیا جائے۔اس موقع پر کشمیری عوام کی فتح و نصرت‘ قومی یکجہتی اور ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی کی خصوصی دعا کی گئی۔

قبل ازیں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ودیگر افسران نے ضلع کونسل کے سبزہ زار میں پلانٹ فار پاکستان مہم کے تحت پودے بھی لگائے۔دریں اثنا ضلع بھر کے تعلیمی اداروں میں بھی کشمیریوں سے یکجہتی کے اظہار کے لئے واکس و سیمینار منعقد ہوئے جس میں طالب علموں و سول سوسائٹی کے افراد نے انڈین فوج کے مظالم کی بھر پور انداز میں مذمت کی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں