پاکستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے،لیاقت بلوچ

ہفتہ 21 ستمبر 2019 21:02

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 21 ستمبر2019ء) جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان کے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے ،حکمران47 دنوں سے تقریریں کررہے ہیں ،کشمیر میں قتل عام جاری ہے ،لوگ خوراک اورادویات نہ ملنے کی وجہ سے لقمہ اجل بن رہے ہیں مگر عالمی برادری خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے ۔حکومت کوئی عملی قدم اٹھانے کی بجائے دوسروں کو دکھڑے سنانے پر اکتفا کررہی ہے ۔

حکمران امریکہ اور چائنا کی طرف دیکھ رہے ہیں ، پاک فوج کشمیری مائوں بہنوں اور بیٹیوں کو غاصب ہندو فوجیوں کے نرغے سے نکالنے کیلئے اللہ کا نام لیکر آگے بڑھیں تو قوم کا بچہ بچہ محمد بن قاسم ،محمود غزنوی اور احمد شاہ ابدالی کے نقش قدم پر چلتے ہوئے مودی کے سومنات کو مسمار کرنے کیلئے شانہ بشانہ ان کے ساتھ ہوگا ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے زون پی پی 110کے زیر اہتمام غلام محمد آباد میں کشمیر کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

کانفرنس سے صوبائی نائب امیر سردار ظفر حسین،زونل امیر چوہدری عمرفاروق،پروفیسر ملک معراج الدین،سلیم سرور،اقبال منور،عمر فاروق گجر،چوہدری علیم سرور اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ عوام یکجہتی کشمیر کیلئے متحد ہیں اور مطالبہ کررہے ہیں کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کے خاتمہ اور بنیادی انسانی حقوق کی بحالی کیلئے بھارت کو الٹی میٹم دیا جائے ۔

بھارت کیلئے فضائی حدود صرف ایک بار نہیں بلکہ مسئلہ کشمیر کے حل تک مستقل بند کردی جائے ۔جموں و کشمیر میں بھارتی دہشت گردی اور بھارتی جنگی جرائم پر ہندوستان کو دہشت گرد ملک قرار دینے کیلئے عالمی دبائو بڑھایا جائے ۔کشمیر عالمی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے جس میں بھارت نے زبردستی فوج اتاردی ہے اب حکومت پاکستان تذبذب اور بزدلی چھوڑے اور وہی اقدام کرے جو جموں و کشمیر کے مظلوموں کی مدد کیلئے ضروری ہے ۔ جماعت اسلامی قومی و بین الاقوامی اداروں پر اخلاقی دبائو بڑھانے کیلئے ملک گیر جدوجہد جاری رکھے گی۔

فیصل آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں